نیب ہیڈ کوارٹر کو بم سے اڑانے کی دھمکی تشویشناک ہے، میاں مقصود

93

لاہور(وقائع نگار خصوصی)متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاویداقبال کے انکشاف ’’میگاکیسز کھولنے پرنیب ہیڈکوارٹرکوبم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے‘‘پرشدیدتشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ نیب کے ہیڈکوارٹرکوبم سے اڑانے کی دھمکی کی مکمل تحقیقات کرتے ہوئے ذمے داران کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جانی چاہیے اور ملوث افراد کوفی الفورگرفتارکیاجائے۔ملک وقوم کاپیسہ لوٹنے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔ میگاکیسزمیں کمیشن کھانے والوں سمیت تمام کرپٹ افراد کا محاسبہ ہونا چاہیے۔ملک میں کرپشن کی انتہاہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ نیب بغیر کسی دباؤ میں آئے ملک وقوم کے مفاد میں کام کرے۔ جسٹس(ر)جاوید اقبال نیب کے اندر موجود کرپٹ عناصر کے خلاف بھی کارروائی کاآغازکریں۔اداروں سے کالی بھیڑوں کی صفائی ناگزیر ہوچکی ہے۔جب تک اداروں میں موجود کرپٹ اہلکاروافسران ٹیکس چوروں اور قومی خزانے میں لوٹ مارکرنے والوں سے پلی بارگین کرتے رہیں گے اس وقت تک بہتری نہیں آسکتی۔ ناجائزدولت کوچھپانے کے ماہراور بیرونی ملک منتقل کروانے والے بھی جرم میں برابر کے شریک ہیں۔مسلم لیگ(ن)کے پانچ سالہ دور حکومت میں کمیشن مافیا کی لوٹ مار کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک میں بلاتفریق احتساب ہونا چاہیے۔پانامالیکس سے شروع ہونے والااحتساب کاعمل نوازشریف کی نااہلی پر ہی رک گیا ہے۔دیگر دبئی،پیراڈائز اور پانامالیکس میں بے نقاب ہونے والے کرپٹ افرادکے خلاف بھی ایکشن لیاجائے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں مسائل کے انبار لگے ہیں۔عوام کونہ صاف پانی میسر ہے اور نہ ہی صحت کی بنیادی ضروریات مل رہی ہیں۔عوام کی زندگی کسمپرسی کی نذرہوچکی ہے۔انہوں نے کہاکہ جب تک کرپشن اور کرپٹ عناصر کاحقیقی معنوں میں قلع قمع نہیں کردیا جاتاعوام کی زندگی خوشحال ہوسکتی ہے اور نہ ہی ملک ترقی کی منازل طے کرسکتاہے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ جوبھی محکمہ اٹھاکردیکھ لیں کرپشن کی لمبی لمبی داستانیں سنائی اور دکھائی دیتی ہیں۔سیاسی بنیادوں پر نااہل افراد کی بھرتیاں کرکے اداروں کاحلیہ بگاڑ کررکھ دیا گیا ہے۔منافع بخش ادارے آج خسارے میں چل رہے ہیں۔