پی ٹی آئی نے کئی امیدواروں سے ٹکٹ واپس لے لیے

72

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) تحریک انصاف نے سکندر بوسن کے بعد کئی امیدواروں کو جارہ کردہ پارٹی ٹکٹ واپس لے لیے،تحریک انصاف نے شانگلہ، اوکاڑہ اور گجرات سے قومی اسمبلی سمیت صوبائی اسمبلی کی بعض نشستوں پر جاری کردہ پارٹی ٹکٹ امیدواروں سے واپس لے لیے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متعدد دیگر امیدواروں کی ٹکٹ بھی واپس لیے جانے کا امکان ہے جبکہ جن امیدواروں سے ٹکٹ واپس لیے گئے ہیں وہ اپنے حلقوں میں تشہیر پر لاکھوں روپے خرچ کرچکے ہیں۔تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ این اے 10 شانگلہ سے نواز خان کو دیا گیا ٹکٹ واپس لیتے ہوئے ان کی جگہ وقار خان کو ٹکٹ دے دیا گیا ہے۔ اسی طرح این اے 187 اوکاڑہ سے بہادر خان سیہڑ سے بھی ٹکٹ واپس لے لیا گیا ہے جن کی جگہ مجید خان نیازی کو ٹکٹ دیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 42 سے ملک طاہر اعوان سے ٹکٹ واپس لیتے ہوئے صائمہ خالد نامی خاتون کو ٹکٹ دے دیا گیا۔