جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی اندرونی کارکردگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل

354
جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے اندرونی جانچ پڑتال کے عمل کے دوران بیرونی ماہرین کے طور پر شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاء کے وائس چانسلر پروفیسر قاضی خالد علی، بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اختر بلوچ، ہمدرد یونیورسٹی کے کوالٹی انہینسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر شاہد راشد، اور آئی پی ای کے نمائندے جاوید اکرم نے وائس چانسلر جے ایس ایم یو پروفیسر طارق رفیع سے تبادلہ خیال کیا اور یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا۔

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح سندھ میڈیکل یونی ورسٹی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مقررہ کردہ معیار کے مطابق اندرونی کارکردگی کی جانچ پڑتال (انٹرنل پرفارمنس ایولویشن) کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ یونی ورسٹی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جانچ پڑتال کا عمل بیرونی ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی کے ذریعے کرایا گیا۔ جس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی آف لاءکے وائس چانسلر پروفیسر قاضی خالد علی، بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اختر بلوچ، ہمدرد یونیورسٹی کے کوالٹی انہینسمنٹ سیل کے ڈائریکٹر شاہد راشد اور آئی پی ای کے نمائندے جاوید اکرم شامل تھے۔ جانچ کا عمل21 جون سے 23 جون کے درمیان کیا گیا۔ اس دوران کمیٹی نے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مقررہ کردہ 11 اسٹینڈرڈز کو مد نظر رکھتے ہوئے تدریسی و غیر تدریسی شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ یونیورسٹی کی جانب سے اعلیٰ معیار کی جانچ پڑتال کے لیے ثبوتوں کی موجودگی کو کمیٹی نے سراہا اور شعبہ طب اور اس سے منسلک شعبوں میں ابھرتی ہوئی منظم یونیورسٹی قرار دیا۔ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع نے کمیٹی کو بتایا کہ یونیورسٹی نے اپنے معیار میں بہتری، عملے کی تربیت اور آپریشنل استعداد بڑھانے سمیت مختلف اقدامات کے ذریعے جانچ کے عمل کی تیاری کر رکھی تھی اور اس عمل کی تکمیل اس بات کی ضمانت ہے کہ یونیورسٹی اور اس سے منسلک کالج ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق بہترین طریقے سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی 2020ءکے لیے متعین کردہ قلیل مدتی منصوبوں اور 25-2023ءکے طویل مدتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے جس میں کمیونٹی تک رسائی کے مزید پروگرامات، مارکیٹ اورینٹڈ نئے ڈگری پروگرامات اور انڈسٹری سے روابط بڑھانا شامل ہیں۔ اس موقع پر کمیٹی نے وائس چانسلر کو یونیورسٹی کے قلیل مدتی منصوبے 2020ء اور طویل مدتی منصوبے 25-2013ء پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔