سوشل میڈیا کی افواہ 14 جانیں نگل گئی

456

نئی دہلی: بھارت میں سوشل میڈیا پر بچوں کے اغوا کے افواہ پھیلنے کے نتیجے میں اب تک 14 افراد قتل کئے جاچکے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کئی ریاستوں میں سوشل میڈیا بالخصوص واٹس ایپ پر ایسی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں کہ بچوں کو اغوا کرنے والا گروہ بھارت میں سرگرم ہوگیا ہے۔ ان ویڈیوز اور پیغامات کے نتیجے میں بھارت کی 10 ریاستوں میں ایسے درجنوں واقعات پیش آچکے ہیں جن میں مقامی لوگوں نے کسی شخص کو اغوا کار سمجھ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔

افواہوں اور جھوٹی خبروں کے نتیجے میں ہجوم کے تشدد سے اب تک 14 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں، جو بعدازاں بے گناہ اور بے قصور ثابت ہوئے۔ ان سوشل میڈیا ویڈیوز کی وجہ سے شہریوں میں شدید بے اعتباری اور عدم اعتماد کی کیفیت پائی جاتی ہے جو کسی بھی مشتبہ شخص کو دیکھتے ہی اس کو پکڑ کر مارنا پیٹنا شروع کردیتے ہیں۔

پولیس نے شہریوں سے سوشل میڈیا پر پھیلی ہوئی افواہوں اور ویڈیوز پر کان نہ دھرنے کی اپیل کی ہے۔  تازہ ترین واقعہ ریاستی تری پورہ میں پیش آیا جہاں ہجوم نے ایک شخص کو بچوں کا اغوا کار ہونے کے شبہ میں تشدد کرکے ہلاک کردیا۔ بعدازاں پتہ چلا کہ وہ سرکاری ملازم تھا جسے ریاستی حکومت نے سوشل میڈیا پر جھوٹی افواہوں کے تدارک کی ذمہ داری اور عوام میں شعور و آگاہی اجاگر کرنے کی ذمہ داری سونپی تھی۔

بھارت میں ہجوم کے ہاتھوں تشدد سے ہلاکتوں کی یہ نئی لہر ہے۔ اس سے پہلے مسلمانوں کے خلاف منظم مہم چلی تھی جس کے دوران درجنوں مسلمانوں گائے ذبح کرنے کے شبہ میں تشدد کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ یہ کیفیت اور رجحان بھارتی عوام میں عدم برداشت اور سطحی سوچ کی کھلی عکاسی کرتا ہے۔