ایکسپورٹرز کیلیے وزیر اعظم پیکیج کو ازسر نو ترتیب دے دیا گیا ، یونس ڈھاگا

154
وفاقی سیکرٹری تجارت محمدیونس ڈھاگا کو صدر سائٹ ایسوسی ایشن جاوید بلوانی شیلڈپیش کررہے ہیں
وفاقی سیکرٹری تجارت محمدیونس ڈھاگا کو صدر سائٹ ایسوسی ایشن جاوید بلوانی شیلڈپیش کررہے ہیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی سیکرٹری تجارت محمدیونس ڈھاگا نے کہا ہے کہ ایکسپورٹرز کے لیے وزیراعظم کے خصوصی پیکج کو ازسرنو ترتیب دے دیا گیا اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان نے سبکدوشی سے قبل ریوائزڈ پیکج منظور کر لیا تھا جس کی وجہ سے ایکسپورٹ پیکج ختم نہیں کیا گیا،پیکج میں سے ایکسپورٹرز کو رقوم کی ادائیگی شروع کردی گئی ہے،ایکسپورٹ میں اضافہ شروع ہوگیا ہے اورگزشتہ سال کی نسبت14سے15 فیصد ایکسپورٹ بڑھ جائے گی اور ایکسپورٹ 2 ارب ڈالربڑھے گی اور مجموعی طور پر رواں سال ایکسپورٹس 23 ارب 40 رہیں گی، کراچی کو ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ میں سے 20 ارب روپے کی اسکیمیں دی گئی ہیں۔انہوں نے یہ بات جمعہ کو سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری میں صنعتکاروں سے خطاب کے دوران کہی۔ یونس ڈھاگا نے کہا کہ کراچی سے 2 ارب کا ایکسپورٹ ڈیولپمنٹ فنڈ جمع ہوتا ہے، شرح تبادلہ مسابقت کے لیے بہتر ہے، توانائی قیمتوں اور ٹیکس خرابیوں پر کام کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران انڈسٹری اور ایکسپورٹ کی صورتحال بہتر ہوئی ہے،ایکسپورٹ پیکج میں سے نان ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے رقوم دینے کا اعلان کردیا گیا ہے جبکہ ٹیکسٹائل سیکٹرکے لیے ترمیم کر دہ پیکج کا اعلان آئندہ چندروز میں کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ٹیرف پالیسی بنائی گئی ہے،آئندہ حکومت میں نیشنل ٹیرف پالیسی کو منظور کرالیا جائے گا،اس پالیسی سے امپورٹر وایکسپورٹرکو ٹیرف کے بارے میں علم رہے گا۔انہوں نے کراچی کے لیے 20 ارب روپے کی اسکیموں کے حوالے سے بتایا کہ 8ارب روپے کی اسکیم کمبائنڈ ایفلوئنٹ پلانٹ شہر کے 5صنعتی علاقوں میں لگیں گے،ٹینرز ایسوسی ایشن کا پرانا پلانٹ تھا جسے ازسرنو بنانے کے لیے600ملین روپے منظور کرلیے گئے ہیں،8سے10ارب روپے کی لاگت سے کراچی میں آئی ٹی ٹاور کی تعمیروفاق کی فنڈنگ سے ہوگی ،ویلیوایڈیشن کے لیے کراچی میں کیمپس بنایا جارہا ہے جہاں کلاسز رواں سال ہی شروع کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ فٹبال ڈپلومیسی شروع ہوئی ہے ہم نے سفارتکاروں کو بھی بلایا تاکہ وہ یہ جان سکیں کہ پاکستان ایک پرامن اور باصلاحیت ملک ہے ورنہ پہلے بیرون ممالک یہ سمجھا جاتا تھا کہ جیسے پاکستان افغانستان کا صوبہ ہو، فٹبال ڈپلومیسی سے ہمارے ملک کا امیج بہتر ہواہے۔
اور ورلڈ کپ کے ایک میچ کا ٹاس ہمارے پاکستانی بچے نے کیا۔صدر سائٹ ایسوسی ایشن جاوید بلوانی نے کہا کہ بیرون ممالک تعینات کمرشل قونصلرزکی کارکردگی بہتر ہوئی ہے لیکن خراب کارکردگی کے حامل افسران کو تبدیل کیا جائے،ایکسپورٹرز کوڈی ایل ٹی ایل، آر پی او، سیلز ٹیکس کے پیسے ملنا شروع ہوگئے ہیں،سائٹ صنعتی علاقے میں 33 اسپننگ ملز بند ہوچکی ہیں، ای ڈی ایف کے فنڈ سے 200 ملین روپے سائٹ ایسوسی ایشن سے منسلک بلڈنگ کی تعمیر کے لیے دیے جائیں تاکہ وہاں ڈسپلے سینٹر سمیت تمام سہولیات مہیا کی جاسکیں۔بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی نے کہا کہ پاکستان کے ناقص قوانین میں چور فائدے میں اورقانونی کام کرنے والے نقصان میں ہیں،ہمارے دیے گئے ٹیکس سے اعلیٰ عہدوں پرتعینات افراد عیش کررہے ہیں،کراچی سونے کے انڈے دینے والی مرغی ہے اس لیے ہر لیڈر یہاں کا رخ کرچکا ہے اور یہاں سے الیکشن لڑرہا ہے، کراچی کو لوٹ لوٹ کر 70 سالوں میں برا حال ہے، کراچی کو بدترصورتحال سے دوچار کرنے میں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اورمسلم لیگ(ن) برابر کے حصہ دار ہیں۔ زبیرموتی والا نے کہا کہ کراچی ایکسپوسینٹر میں آئی ٹی ٹاور کا قیام خوش آئند ہے، ای ڈی ایف کے قوانین میں ترمیم کی ضرورت ہے،14 دن تک سائٹ کو پانی نہیں ملا ایسی صورت میں انڈسٹری کیسے چلیں گی۔