سانگھڑ، انتخابات کے لیے فول پروف سیکورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا

163

سانگھڑ (رپورٹ: محمد سلیم ملک) ضلع سانگھڑ میں عام انتخابات 2018ء کے دوران ضلع انتظامیہ، محکمہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ حکمت عملی کے تحت فول پروف سیکورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے، جس کے تحت پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر پاک فوج کے جوان مقرر کیے جائیں گے، جبکہ حساس پولنگ اسٹیشنز پر خفیہ کیمرے نصب کرنے، پاک آرمی، رینجرز اورپولیس کا مشترکہ گشت اور ڈپٹی کمشنر آفس میں تمام متعلقہ اداروں کا مشترکہ کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر سانگھڑ لیاقت علی بھٹی کی زیر صدارت عام انتخابات 2018ء کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس ہوا جس میں پاک فوج کے کرنل کاشف، رینجرز کر کرنل حامد، ایس ایس پی سانگھڑ پیر محمد شاہ، الیکشن آفیسر سانگھڑ وسیم خان اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر لیاقت علی بھٹی نے کہا کہ ان کی انتظامیہ عام انتخابات شفاف اور غیر جانبدار کرانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں سے قریبی رابطے میں ہے اور سیکورٹی کے حوالے سے بھی ایک جامع پلان تشکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع کے 48 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر خفیہ کیمرے نصب کیے جائیں گے جبکہ عوام کی شکایات کے ازالے کے لیے ڈپٹی کمشنر آفس میں الیکشن مانیٹرنگ سیل بھی قائم کیا گیا ہے۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے پاک فوج کے کرنل کاشف نے بتایا کہ سانگھڑ کے 801 پولنگ اسٹیشنر میں سے 593 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں حالیہ الیکشن کے دوران یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر پاک فوج کے جوان مقرر کیے جائیں گے، جبکہ ضلع بھر میں فوج کے 3236 جوان مقرر کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ہر حلقے میں پاک فوج اور رینجرز کے مشترکہ کیمپ آفس بھی قائم کیے جائیں گے اور دو گاڑیوں میں جوان مانیٹرنگ بھی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پولنگ اسٹیشنز پر بیلٹ باکس بھی پاک آرمی کی نگرانی میں پہنچائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ پولنگ اسٹیشنز کے اندر موبائل فون کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی۔ اس موقع پر ایس ایس پی پیر محمد شاہ نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق کے مدنظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پولنگ اسٹیشنز کے اندر کسی بھی صحافی کو اندر جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور صحافی پولنگ اسٹیشنز کے باہر ہی اپنے فرائض انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ کسی بھی قسم کے ہتھیار کی نمائش پر بھی پابندی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ کے احکامات کے مد نظر الیکشن امیدواروں کو نجی گارڈز ساتھ لینے پر بھی پابندی ہوگی جبکہ الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں اور سیاسی رہنماؤں کو پولیس کی جانب سے سیکورٹی گارڈز مہیا کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنر سانگھڑ لیاقت علی بھٹی کی ہدایات پر ان کے دفتر میں عام انتخاب کے سلسلے میں الیکشن مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق عام انتخابات کے حوالے سے مختلف معاملات، عوامی شکایات، الیکشن ایکٹ 2017ء، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور محکمہ داخلہ حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے متعلق شکایات کے فوری ازالے لے لیے الیکشن مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے، جس کے لیے ٹیلیفون نمبر 0235920116،0235920117، فیکس نمبر 0235920101 دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر لیاقت علی بھٹی نے اپنے بیان میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عام انتخابات کے حوالے سے کوئی بھی شکایات ان نمبرز پر درج کرواسکتے ہیں۔