قوم متحدہ مجلس عمل کی قیادت میں متحد ہوجائے، رانا عدنان

114

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جے آئی یوتھ کے صدر رانا عدنان نے ایم ایم اے کے نامزد امیدوار حلقہ پی پی 112 خرم شہزاد کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کردیا۔ خرم شہزاد کی بھر پور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے ان کی انتخابی مہم چلانے کا اعلان۔ متحدہ مجلس عمل کی طرف سے ضلع بھر میں ٹکٹوں کے معاملات خوش اسلوبی سے طے ہوگئے۔ اس امر کا اعلان المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار میں ایم ایم اے کے رہنماؤں سردار ظفر حسین خان، منظور احمد ساقی، عبدالشکور رضوی، خرم شہزاد، انجینئر عظیم رندھاوا، غلام عباس خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رانا عدنان نے کہا کہ میں نے ضلعی امیر سردار ظفر حسین کے حکم پر اپنے کاغذات واپس لیے ہیں اور ایم ایم اے کے ہر فیصلے کا پابند ہوں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم ایم کے رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر اللہ کے کلمے والا جھنڈا لہرانے، پاکستان میں غلامان مصطفیؐ کے قیام اور پاکستان کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کے خواب کی تعبیر حاصل کرنے کے لیے قوم متحدہ مجلس عمل کی قیادت میں متحد ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے اسے مغرب کے غلاموں اور سیکولر ازم کے حواریوں کے سپرد نہیں کیا جاسکتا۔ قوم لٹیروں کو ووٹ دینے کے بجائے ملک میں غلبہ اسلام کے لیے متحد ہو کر متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کو کامیاب کرائے تاکہ قیام پاکستان کے مقاصد کو حاصل کیا جاسکے۔