ملکی معیشت کو نادہندگان نے تباہ وبرباد کرکے رکھ دیا، اکرم کھرل

99

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے امیدوار حلقہ پی پی 115 رائے اکرم کھرل، چودھری سلیم گجر نے قرضے معافی کیس میں چیف جسٹس کے ریمارکس کہ ’’پائی پائی وصول کی جائے گی‘‘ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کروڑوں، اربوں روپے کے قرضے لے کر معاف کرانے اور قومی خزانہ لوٹنے والوں نے ملک کوکنگال بنا دیا ہے۔ کرپٹ افراد نے اقتدار میں آکر دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹا ہے، ان سے پائی پائی وصول کرکے ملک وقوم کی فلاح وبہبود پر خرچ کی جائے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضے حاصل کیے اور ان کے لوگوں نے بڑے پیمانے پر لوٹ مار کی ہے۔ ہر دور حکومت میں بینکوں سے کھربوں روپے بطور قرض حاصل کرکے معاف کروائے گئے۔ اگر اب بھی ان کیخلاف کارروائی عمل میں نہ لائی گئی تو ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو ان نادہندگان نے ملی بھگت کرکے تباہ وبرباد کرکے رکھ دیا ہے۔ قرضوں کے پہاڑ کھڑے کردیے گئے ہیں۔ محب وطن قیادت کے فقدان نے ملک وقوم کو اس نہج پر پہنچا دیا ہے کہ آج پاکستان معاشی لحاظ سے مسلسل تنزلی کا شکار ہے۔ سودی معاشی نظام نے ملک کا حلیہ بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔ جب تک اسلامی طرز معیشت کو اختیار نہیں کیا جائے گا عوام کی زندگی میں خوشحالی آسکتی ہے اور نہ ہی ملک ترقی کرسکتا ہے۔