حقیقی تبدیلی صرف اسلامی نظام کے ذریعے ہی ممکن ہے، سردار ظفر خان

123

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیدوار این اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں ملک کو متحدہ مجلس عمل جیسی صالح، باکردار قیادت کی ضرورت ہے جو حقیقی معنوں میں عوام کی فلاح وبہبود اور ملکی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنائے۔ ایم ایم اے مرکز سمیت تمام صوبوں میں بھی واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور اس ملک کو اندھیروں اور مایوسیوں سے نکال کر پائیدار ترقی اور خوشحالی کی منزل سے ہمکنار کرے گی، دینی جماعتوں کی مخلص اور دیانت دار قیادت ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نکال سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں اپنے حلقہ انتخاب میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم قرآن وسنت کی بالادستی، تقویٰ، علم اور خدمت کا پیغام لے کر عوام کے سامنے آئے ہیں اور قوم کو یہ بتانا چاہتے ہیں کہ حقیقی تبدیلی صرف اسلامی نظام اور دیانت دار قیادت کے ذریعے ہی ممکن ہے، لوگوں کے حقوق غصب کرنے، امانتیں ہڑپ کرنے اور بدترین کرپشن سے ہاتھ رنگنے والے آئندہ الیکشن میں کس منہ سے قوم کا سامنا کریں گے۔ چوروں، رسہ گیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے عوا م کو متحد ہو کر ایم ایم اے کا ساتھ دینا ہوگا۔