فٹبال ورلڈ کپ: جاپانی ٹیم اور تماشائیوں نے صفائی کی اعلیٰ مثال قائم کردی

698

روس: فٹبال ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میچ میں جاپانی ٹیم کی بیلجیئم کے ہاتھوں 2-3 سے شکست کے باوجود ٹیم اور تماشائیوں نے دنیا بھر میں تحمل اور صفائی کی اعلیٰ مثال قائم کردی ۔

تفصیلات کے مطابق روس میں جاری فٹبال ورلڈکپ کے پری کوارٹر فائنل میچ میں جاپانی ٹیم کو بیلجئیم نے 2-3 سے شکست دی لیکن جاپانی ٹیم اور شائقین نے شکست کے باوجود مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔جاپان کی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں نے شکست کے بعد نہ صرف ڈریسنگ روم کی خود صفائی کی بلکہ شکریہ کا پلے کارڈ بھی چھوڑ کرگئے۔

fifa

میچ کے بعد جاپانی شائقین نے شکست پر دیگر ممالک کے شائقین کی طرح ہنگامہ آرائی کے بجائے پورے گراؤنڈ کی صفائی کی اور بڑے بڑے تھیلے پکڑ کر اسٹیڈیم سے کوڑا کرکٹ اٹھایا۔جاپانی ٹیم اور شائقین کے اس عمل نے دنیا بھر کے شائقین کے دل جیت لیے ہیں اور سوشل میڈیا پر اس عمل کو بے حد سراہا جارہا ہے۔

japan-1

خیال رہے کہ جاپان قوم اپنی نفاست اور صفائی کے حوالے سے پوری دنیا میں جانی پہچانی جاتی ہے اور جاپان کے اسکولوں میں روزانہ کی سطح پر بچے 10 منٹ تک اپنی کلاس و اسکول کی صفائی خود کرتے ہیں۔

اکثر سنسنی خیز میچ کے بعد ہارنے والی ٹیموں کے فین گراؤنڈز میں بوتلیں پھینکتے ہیں اور کرسیوں کو نذر آتش کردیتے ہیں لیکن جاپانی شائقین کی جانب سے اسٹیڈیم کی صفائی کرنا قابل تقلید عمل ہے۔