این اے-60 راولپنڈی شہرسے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار الیکشن سے دستبردار

146

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی )این اے 60 راولپنڈی شہرسے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار قاضی محمد جمیل نے شدیدبیماری کی وجہ سے الیکشن سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔اس موقع پر ایم ایم اے ضلع راولپنڈی کے صدر شمس الرحمن سواتی ٗ جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ضیا الرحمن ٗ امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی ٗ نائب امیر سید عزیر حامد ٗ سیکرٹری اطلاعات ملک محمد اعظم ٗ ممبر چکلالہ بورڈ خالد محمود مرزا ٗ ہارون رشید اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔یہ اعلان انہوں نے دفتر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید مودودی ؒ بلڈنگ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔قاضی محمد جمیل نے کہا کہ ریڑھ کی ہڈی کی تکلیف چند ماہ سے تھی ٗ ڈاکٹر زکا کہنا تھا کہ یہ جلد ہی ٹھیک ہو جائے گی ، مگر اب روزبروز اس کی تکلیف میں اضافہ ہو رہا ہے۔ جس پر میں نے اپنی قیادت کو الیکشن سے معذرت کی درخواست کی ٗ جو کہ منظور کر لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے اُن تمام بھائیوں ٗ دوستوں اور سپورٹروں کا دلی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ جنہوں نے مجھے سپورٹ کیا اور محبت اور عزت سے نوازا۔ میں ایم ایم اے کے امیدواروں کی کامیابی کے لیے دُعا گو ہوں اور جس حد تک بھی ہو سکا اُن کے لیے کام بھی کروں گا۔شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ این اے 60 پر ابھی کسی بھی امیدوار کی حمایت کا فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ جو جماعت صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 11 اور پی پی 17 میں ایم ایم اے کے امیدواروں کو سپورٹ کرے گی۔ ہم این اے 60 میں ان کی حمایت کریں گے۔اس موقع پر ڈاکٹر ضیا الرحمن نے وضاحت کی کہ مولانا قاضی عبدالرشید کے بارے میں چھپنے والی خبر درست نہیں ہے کہ انہوں نے چودھری نثار علی خان کی حمایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ این اے 59 کی الیکشن مہم کا آغاز ہی مولانا قاضی عبدالرشید کے مدرسہ جامعہ فاروقیہ میں علما کنونشن سے ہوا تھا۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ 14 جولائی کو لیاقت باغ میں بڑا جلسہ ہوگا ٗ جس سے ایم ایم اے کے مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔