نو ازشریف نے دوستی کے بجائے مجھ سے دشمنی کی ‘چودھری نثار

95

راولپنڈی (آئی این پی) سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ نو ازشریف کو لیڈر بنانے میں میرا بھی کردار ہے‘ نوازشریف نے دوستی نہیں نبھائی بلکہ مجھ سے دشمنی کی‘ میں نے نوازشریف سے 34 سال تک وفاداری نبھائی ہے‘ پچھلے5 سال میں اس حلقے کو 17ارب روپے دیے‘ لوگ پرچیوں سے نہیں‘ ضمیر سے ووٹ دیتے ہیں‘ حلقے پر لگنے والا پیسہ حکومت کا ہے‘ (ن) لیگ کا نہیں‘ میاں صاحب اگر (ن) لیگ کا پیسہ تھا تو گوجر خان اور مری میں کیوں نہیں لگایا‘ میں نے کسی کی خوشامد اور کاسہ لیسی نہیں کی‘ میں ا صول اور کردار پر عوام سے ووٹ مانگ رہا ہوں‘ میرے مخالف نے ہر دربار پر حاضری دی ہے‘ یہ شخص ہر حکومت کے ساتھ جڑا رہا ہے اور آج عمران خان کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ وہ منگل کو انتخابی مہم کے سلسلے میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے عزت سے سیاست کی ہے‘مجھے بہت بڑی کامیابی نظر آ رہی ہے‘ پورے پاکستان کی نظریں اس حلقے پر لگی ہوئی ہیں۔