پیٹرول کی قیمت میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں، خالد محمود چودھری

124

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) ریلوے پریم یونین کے لاہور ڈویژن کے سینئر نائب صدر خالد محمود چودھری نے نگراں حکومت کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں کمی واقع ہورہی ہے جبکہ نگراں حکومت نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے عوام پر پیٹرول بم گرادیا ہے۔ چیف جسٹس فوری طور پر نوٹس لے کر عوام کو ریلیف فراہم کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت بھی مسلم لیگ (ن) کی پالیسیوں کے تسلسل کو جاری رکھے ہوئے ہے اور اس کو بھی عوامی مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں۔ پہلے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکتے ہوئے قوم کو پانچ سال تک لوٹا اور اب نگرانوں نے قوم کو ایک بار پھر قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کو سولی پر لٹکا دیا ہے جس کا خمیازہ غریب عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ہوشربا اضافے کے نتیجے میں ملک بھر میں مہنگائی کا طوفان آئے گا۔ نگراں وزیر اعظم ناصرالملک پیٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں اضافے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے قیمتوں کو کنٹرول کریں تاکہ عوام کی مشکلات میں کچھ کمی آسکے۔