بلوچستان میں چینی سرمایہ کاروں کا مختلف شعبوں میں سرمایہ لگانے میں اظہار دلچسپی 

117

کوئٹہ(نمائندہ جسارت ) چینی سرمایہ کاروں نے بلوچستان میں توانائی،معدنیات،ماہی گیری اورسیاحت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ لگانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔چینی قونصل جنرل وانگ یو کا کہنا ہے کہ ہماری ترجیحات میں بلوچستان اور پاکستان کی ترقی شامل ہے۔یہ بات انہوں نے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور امکانات سے متعلق ایک روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
کانفرنس کے مہمان خصوصی نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان علا الدین مری تھے جبکہ چینی قونصل جنرل وانگ یو نے خصوصی طور پر کانفرنس میں شرکت کی۔ چینی قونصل جنرل وانگ یوکا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے چینی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں چینی حکومت اپنا کردار ادا کرے گی۔علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ اور چینی قونصل جنرل نے سول اسپتال میں قائم کارڈیالوجی وارڈ، آئی یو سی وارڈ، ٹراما سینٹر اور آپریشن تھیٹر کا دورہ اور معائنہ کیاجہاں سیکرٹری صحت اور متعلقہ حکام نے انہیں اسپتال کے مختلف شعبوں سے متعلق بریفنگ دی اور اسپتال کو درپیش مشکلات اور مسائل سے آگاہ کیا۔کوئٹہ میں محکمہ ماحولیات کی ٹیم نے تحفظ ماحولیات کے قوانین اور احکامات کی خلاف ورزی کا مرتکب پائے جا نے والے کار خانوں کے خلا ف قانونی کارروائی کی ۔ کارروائی کے دوران ویسٹرن بائی پاس پر قائم پلاسٹک فیکٹری کو این او سی کی شرائط کی خلاف ورزی پر 5لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور پلاسٹک فیکٹری کو سیل کرکے اس کی این او سی کینسل کردی گئی ۔