کمزور آدمی ہوں مگر کسی تیس مار خان کو سلام نہیں کرتا،چودھری نثار

100

راولپنڈی(صباح نیوز)سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کمزور آدمی ہوں‘ اللہ اور اس کی مخلوق سے توقعات وابستہ ہیں‘مجھے کوئی غم نہیں کہ 25جولائی کو عوام کیا فیصلہ کریں گے۔راولپنڈی کے علاقے چک جلال دین میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چودھری نثار نے کہا کہ عمران خان نے پوری دنیا کے سامنے اعلان کیا کہ چودھری نثار آئیں اور جتنے مرضی چاہئیں ٹکٹ لے لیں‘ چیئرمین پی ٹی آئی کی بار بار پیشکش کے باوجود میں نے فیصلہ کیا تھا کہ کسی سیاسی جماعت کا ٹکٹ نہیں لینا صرف مخلوق خدا کا ٹکٹ لینا ہے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے کہتا ہوں میں کمزور آدمی ہوں‘ اللہ اور اس کی مخلوق سے توقع ہے اور کسی تیس مار خان کو سلام نہیں کرتا‘ میں ہوائی باتیں نہیں کرتا‘ مجھے کوئی غم نہیں کہ 25 جولائی کو عوام کیا فیصلہ کریں گے لیکن انتخابات کے روز پتا چل جائے گا کہ (ن)لیگ ،پی ٹی آئی، پیپلزپارٹی یا عوام کا ٹکٹ بھاری ہے۔انہوں نے کہا کہ چک جلال دین کے لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں، یہاں غریب لوگ بستے ہیں‘ میں نے چند مہینوں میں کروڑوں روپے 2یونین کونسلز کو دیے لیکن اتنے پیسے دینے کے باوجود بھی متعدد علاقے پانی سے محروم ہیں اس لیے ہمیں بہت سے کام کرنے ہیں۔