اسلامی جمعیت طالبات کا پانچ روزہ قرآن اسٹڈی پروجیکٹ کا اختتام

100

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)اسلامی جمعیت طالبات راولپنڈی کے تحت پانچ روزہ قرآن اسٹڈی پروجیکٹ کا اختتام ہو گیا ہے، اس سلسلے میں شہر میں پانچ مختلف مقامات پر ہونے والی ورکشاپس میں یونیورسٹیز، کالجز اور اسکولز کی سیکڑوں طالبات نے شرکت کی اور قرآن کی تجوید، تفسیر اور قرآن کی تفہیم سے متعلق ہونے والی مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ اختتامی تقاریب سے اسلامی جمعیت طالبات پنجاب کی ناظمہ ثناء ہارون، ناظمہ پنجاب یونیورسٹی مناہل احمد، رکن شوریٰ سیدہ ہنیہ رضا اور شرمین عبدالقیوم نے خطاب کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ قرآن محض ایک پڑھنے والی کتاب ہی نہیں بلکہ مکمل ضابطہ حیات ہے جس کی تعلیمات کو اپنی ذاتی اور اجتماعی زندگی پر نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کا یہ حق ہے کہ اسے پڑھنے کے ساتھ ساتھ سمجھا بھی جائے اور دوسروں کو بھی اس کی تعلیم دی جائے۔ قرآن سے تعلق مضبوط بنانے کے نتیجے میں ہم اپنے تمام مسائل کا حل پا سکتے ہیں۔