مسلم معاشرے میں عریانی و فحاشی کو فروغ دیا جا رہا ہے، پروفیسر ابراہیم

141

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے مرکزی رہنما اور جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ اسلام دشمن عناصر ہمارے دین اوردینی شعائر ٗ عقیدہ ختم نبوتﷺاور اسلامی اقدار اور تہذیب و شناخت پر حملہ آور ہیں۔مسلم معاشرے میں عریانی و فحاشی اور بے راہ روی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔علماء کرام اور دینی جماعتیں آنے والی نسلوں کومادر پدر آزادی اور مغربی تہذیب و ثقافت سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی آرٹس کونسل میں ایم ایم اے کے زیر اہتمام حلقہ این اے 62، پی پی 16 اور پی پی 18 کی سطح پر اتحاد اُمت کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس کنونشن سے جمعیت اتحاد العلما پاکستان کے سینئر نائب صدر مولانا عبدالجلیل نقشبندی، صدر متحدہ مجلس عمل ضلع راولپنڈی شمس الرحمن سواتی، جمعیت علما اسلام (ف) کے ضلعی امیر مولانا تاج محمد خان، امیرجماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی، جمعیت علما پاکستان راولپنڈی کے صدر حافظ محمد حسین، اسلامی تحریک کے علامہ نصیر موسوی، امیدوار حلقہ این اے 62 طارق منیر بٹ، امیدوار حلقہ پی پی 11 مفتی مسرت اقبال، امیدوار حلقہ پی پی 16 محمد حنیف چودھری اور امیدوار حلقہ پی پی 18 ڈاکٹر حافظ ضیا الرحمن، مہتمم جامعہ فرقانیہ مولانا عبدالمجید ہزاروی، نائب امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عزیر حامد، ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی مولانا عثمان آکاش، صدر جے آئی یوتھ ملک عمران، جے یو آئی کے رہنما پیر ایاز ظہیر ہاشمی سمیت دیگر علما کرام نے بھی اظہار خیال کیا۔ طارق منیر بٹ نے کہا کہ ہماری جدوجہد نظام مصطفےٰﷺ کے نفاذ کے لیے ہے۔ پاکستان کے قیام کے لیے لاکھوں لوگوں نے قربانیاں دی تھیں۔ شہدا کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ مفتی مسرت اقبال نے کہا کہ وطن عزیز کو اسلامی اور فلاحی ریاست بنایا جائے گا، قرآن و سنت کا قانون ہوگا، کسی سے نا انصافی نہیں ہوگی۔ محمد حنیف چودھری نے کہا کہ عوام اہل اور دیانتدار نمائندوں کو ووٹ دے کر کامیاب بنائیں۔ ایم ایم اے نے صاف ستھرے لوگوں کو انتخاب کے لیے پیش کیا ہے۔ ڈاکٹر حافظ ضیاالرحمن نے کہا کہ عوام بار بار آزمائے ہوئے افراد کے بجائے ایم ایم اے کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔