نیب نے امیدواروں کے انتخابی اخراجات کی نگرانی شروع کردی

113

کراچی (رپورٹ: محمد انور) قومی احتساب بیورو (نیب) نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی درخواست پر عام انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کے انتخابی اخراجات کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ باخبر سرکاری ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب کے تمام زونز ڈائریکٹرز کو ہدایت کی ہے کہ انتخابی امیدواروں کی فہرست طلب کرکے الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے لیے لگائی گئی اخراجات کی حد کو مد نظر رکھ کر انتخابی مہم پر خرچ کیے جانے والے فنڈز کی معلومات حاصل کی جائیں۔ نیب نے یہ کارروائی الیکشن کمیشن کی ہدایت پر جاری کی ہے۔ یاد رہے کہ ای سی پی نے انتخابی مہم کے سلسلے میں قومی اسمبلی کے ہر امیدوار کو زیادہ سے زیادہ30 لاکھ روپے اور صوبائی اسمبلی کے ہر امیدوار کے لیے20 لاکھ روپے کے اخراجات کرنے کی اجازت دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اخراجات کے حوالے سے سخت نظر رکھنے کا فیصلہ کالے دھن کے استعمال کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں نگراں حکومت کے قابل اعتماد ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن بااختیار ادارہ ہے‘ اگرچہ ہر الیکشن میں
امیدواروں کے اخراجات پر نظر رکھی جاتی ہے لیکن اس بار ذمے داری نیب کو بھی دینے کی اطلاعات ہیں جس کا مقصد ملک میں کرپٹ افراد کا سخت احتساب ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال تو نیب کی جانب سے امیدواروں کے اخراجات پر نظر رکھی جا رہی ہے جس میں ٹرانسپورٹ اور جلسوں پر آنے والے اخراجات بھی شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ضمن میں مسلم لیگ نواز، پیپلز پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کیے جانے والے اخراجات کو خصوصی طور پر نوٹ کیا جا رہا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اخراجات کے فنڈز کی معلومات کے لیے اسٹیٹ بینک سے بھی مدد حاصل کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر اس سلسلے میں امیدواروں کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا بھی حکم دیا جاسکتا ہے۔