ایم ڈی واٹر بورڈکا ایکشن: 16 اکاؤنٹ آفیسرز کے تبادلے و تقرر

188

کراچی (رپورٹ: محمد انور) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے 16 اکاؤنٹس افسرز کے تبادلے و تقرریاں کردی گئیں۔ اس اقدام کی وجہ ادارے کے مالی معاملات بہتر بنانا ہے۔ وسیع پیمانے پر اکاؤنٹس افسران کے تبادلوں کی وجہ سے ان افسران میں تشویش پائی جاتی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اس ضمن میں 4 جولائی کو ایم ڈی واٹر بورڈ خالد محمود شیخ کے حکم پر ” دفتری حکم” جاری کردیا گیا ہے۔ آرڈر کے مطابق ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل کے اکاؤنٹس افسر عبید خان کا میٹر ڈپارٹمنٹ میں تبادلہ کیا گیا۔ ریونیو کے اکاؤنٹس افسر عمران حمید کا تبادلہ کرکے اکاؤنٹس افسر کمپیوٹر بنادیا گیا۔ چیف انجینئر بلک کے اکاؤنٹس افسر ریاض خالد کو
تبادلہ کرکے آر او پلانٹ مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح اکاؤنٹس افسر تراب علی ، حافظ قادری ،طارق جمیل ، ایس ایم ظفر ، ڈویژنل اکاؤنٹس افسر اصغر احمد کا تبادلہ کرکے انہیں ڈویژنل اکاؤنٹس افسر شاہی فیصل ٹاؤن مقرر کیا گیا۔ محمد نواز کو اکاؤنٹس افسر آر او پلانٹ کیماڑی و لیاری ٹاؤن مقرر کردیا۔ اسی طرح اکاؤنٹس افسر محمد آصف، ایس ایم رضوان ، ندیم احمد ، عامر حلیم ، سعید احمد ، طاہر شکور اور نیاز شیخ کے بھی تبادلے و تقرر کردیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اکاؤنٹس افسران کے وسیع پیمانے پر تبادلے و تقرریاں کئی سال بعد ہوئی ہے۔ تبادلوں کی وجہ ایم ڈی خالد محمود شیخ کو مسلسل ملنے والے شکایات ہیں۔