متحدہ مجلس عمل اسلامی وخوشحال پاکستان کی نوید ہے‘ جنید مکاتی

185

کراچی (رپورٹ: منیر عقیل انصاری)پی ایس 103سیمتحدہ مجلس عمل کے امیدوار محمد جنید مکاتی27 فروری1967ء کو کراچی میں پیدا ہو ئے‘ ان کی رہائش شبیر آباد ٹیپو سلطان روڈ پر ہے‘ محمد علی کا ٹھیا واڑ اسکول سے میٹرک اور کر اچی یونیورسٹی سے بی کام کیا ہے‘ ان کا تعلق تاجر برادری سے ہے‘ زمانہ طالب علمیسے اسلامی جمعیت طلبہ کے ساتھوابستہ رہے‘ 2002ء میں اپنی یوسی کے ناظم رہے‘ محمد جنید مکاتی2 بار ناظم اور اب تیسری مرتبہ یوسی12 ضلع شرقی کے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں‘ جنید مکاتی بلدیہ عظمی کراچی میں الخدمت گروپ کے پارلیما نی لیڈر ہیں۔ جنید مکاتینے نمائندہ جسارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کراچی کے شہریوں کو اس کے بنیادی حقوق فراہم کرے گی‘ ایک طویل عرصے سے یہاں کے عوام بنیادی حقوق سے محروم ہیں‘ پاکستان کا سب سے بڑا شہر آج کچرے کے ڈھیر کا منظر پیش کر رہا ہے‘ عوام زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں‘ بجلی، پانی اور دیگر ضروریات زندگی اس شہر میں ناپید ہیں‘ متحدہ مجلس عمل ان تمام مسائل کو دیانت داری سے حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ماضی میں جن لوگوں کو مینڈیٹ ملا ‘ انہوں نے کراچی کے عوام کے حقوق کے لیے کو ئی جدوجہدنہیں کی‘ شہر میں فراہمی آب کے منصوبوں کے لیے کوششیں نہیں کیں‘ 14 سال مکمل ہونے کے باوجود کے4 منصوبہ مکمل نہیں ہوسکا‘ ہم نے صرف دعوے اور وعدے نہیں کیے بلکہ ترقیاتی کام کرکے دکھائے جس کا عوامی حلقہ معترف ہے‘ منتخب ہوکر نظام تعلیم کے یکساں نفاذ کے لیے جدوجہد کریں گے‘ کراچی کے لیے وفاق اور صوبے سے خصوصی پیکیج کا مطالبہ کریں گے‘ متحدہ مجلس عمل اسلامی وخوشحال پاکستان اورروشن مستقبل کی نوید ہے ‘ ایم ایم اے کراچی سمیت ملک بھر میں حیران کن نتائج دے گی‘ قوم اپنے ووٹ کی پرچی سے کرپٹ قیادت کا احتساب کرے اور علمائے کرام منبر و محراب سے 25 جولائی کو صادق و امین قیادت کے انتخاب کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس عمل اقتدار میں آکرسودی لعنت ، مہنگائی و بیروزگاری کاخاتمہ اور مدینہ جیسی مثالی ریاست قائم کرے گی‘ کراچی میں اگر کسی دور میں ترقی ہو ئی ہیں وہ عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان کے دورمیں ہوئی ہے۔