صفدر کی گرفتاری میں مداخلت، لیگی امیدواروں کیخلاف چوتھا مقدمہ درج

107

راولپنڈی (آن لائن) راولپنڈی پولیس نے ایون فیلڈ ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت سے سزا یافتہ کیپٹن(ر) صفدر کی گرفتاری کے دوران مزاحمت اور کار سرکار میں مداخلت کے الزام میں راولپنڈی شہر و چھاؤنی کے 3 قومی اور 3 صوبائی حلقوں کے امیدواروں کے خلاف چوتھی ایف آئی آر بھی درج کر لی، تھانہ سٹی میں درج ہونے والی یہ ایف آئی آر قومی احتساب بیورو کی مدعیت میں درج کی گئی، نیب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر اسٹاف محمد سلیم احمد خان کی مدعیت میں تھانہ سٹی میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 186، 187، 188، 147، 149، 212، 353 اور 225 کے تحت درج مقدمہ نمبر172 میں سینیٹر چودھری تنویر، حلقہ این اے60 سے امیدوار حنیف عباسی، این اے 61 سے امیدوار ملک ابرار، این اے 62 سے امیدوار بیرسٹر دانیال چودھری، حلقہ پی پی 17 کے امیدوار راجا حنیف، پی پی 16 کے امیدوار شیخ ارسلان حفیظ، پی پی 18 کے امیدوار ملک شکیل اعوان، مخصوص نشستوں پر صوبائی اسمبلی کی امیدوار بیگم زیب النساء اعوان، سابق رکن صوبائی اسمبلی ضیاء اللہ شاہ، یونین کونسل 46 کے چیئرمین راجا مشتاق، یونین کونسل 19 کے چیئر مین عبدالغیور بٹ، یونین کونسل 46 کے وائس چیئرمین مقبول احمد خان، فیضان شاہ، شبیر، عدنان بودلہ اور شفیق سمیت 16 ملزمان کو نامزد کرنے کے ساتھ مقدمے میں 200 سے 400 نامعلوم افراد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جب کیپٹن(ر) صفدر کو گرفتار کرنا چاہا تو راجا بازار، لال حویلی، صرافہ بازار اور مری روڈ سے سکستھ روڈ تک مذکورہ افراد نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ نیب ٹیم کی کارروائی میں رکاوٹ ڈالی اور کار سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے سرکاری امور کی انجام دہی سے روکا۔