رحیم یار خان ،ہنگامی صورتحال کو بہتر بنانے کیلیے شیخ زید اسپتال میں پولیس چوکی قائم

563

رحیم یارخان(اے پی پی )ہنگامی صورتحال میں سیکورٹی کو بہتر بنانے کیلیے شیخ زید اسپتال رحیم یارخان کے ایمرجنسی وارڈ میں پولیس چوکی قائم کرنے کی ضرورت ہے ،اداروں کے تعاون سے ہی اس مشکل صورت حال کو کنٹرول کیا جاسکتا ہے اسٹاف کی کمی دور کردی جائے تو شیخ زید اسپتال کا ایمرجنسی وارڈ ہر قسم کی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے ایمرجنسی وارڈ میں مفت طبی سہولیات موجود ہیں تاہم آگاہی کی اشد ضرور ت ہے مریضوں اور ان کے ورثاء سے خوش اخلاقی سے پیش آنے کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹرایمرجنسی ڈاکٹر مہتمم نذیر نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ بڑے حادثے یا لڑائی جھگڑے کی صورت میں زخمیوں کے ہمراہ بڑی تعداد میں ورثاء ایمرجنسی وارڈ میں داخل ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے بعض اوقات نا خوشگوار واقعہ جنم لے لیتا ہے اس ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلیے شیخ زید اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں پولیس چوکی قائم کرنے کی فوری ضرورت ہے جس سے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے میں آسانی پیدا ہوسکتی ہے کیونکہ زیادہ تر افراد کا ایمرجنسی وارڈ میں آجانے کی صورت میں مریضوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی میں مشکلات پیش آتی ہیں اس سلسلے میں اداروں کو تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شیخ زیداسپتال کاایمرجنسی وارڈ ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے تاہم اسٹاف کی کمی کے باعث مشکلات کا سامنا ہے ۔20 بیڈ ز پر ایک سٹاف کی تعیناتی مسائل کو جنم دیتی ہے اسٹاف کی کمی کو دور کیے جانے کی ضرورت ہے ۔ڈاکٹر مہتمم نذیر نے مزید کہا کہ شیخ زیداسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں مفت طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں جس کیلیے آگاہی مہم کی ضرورت ہے دور دراز کے علاقوں سے آئے ہوئے مریضوں کے ورثا اس مفت طبی سہولت کی فراہمی سے آگاہ نہیں ہوتے جس سے مسائل جنم لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق ایمرجنسی وارڈ میں تعینات اسٹاف کو مریض اور اس کے ورثا سے خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت کی جاتی ہے اس کیلیے ضرورت ہے کہ مریضوں کے ورثا بھی اسٹاف سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں، ایمرجنسی وارڈ میں صفائی کے بہتر انتظامات موجودہیں تاہم کمی کو دور کرنے کیلیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔