عوام 25 جولائی کو کتاب پر مہر لگا کر نظام مصطفی ﷺ کے حق میں ووٹ دیں

198

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی )متحدہ مجلس عمل پنجاب کے نائب صدر اور جمعیت علما اسلام (ف) پنجاب کے امیر ڈاکٹر عتیق الرحمن نے کہا ہے کہ ان شا اللہ ! متحدہ مجلس عمل کے زیر اہتمام 14 جولائی کو لیاقت باغ میں ہونے والا جلسہ عام سیاسی اور انتخابی سمت کا تعین کر دے گا۔ ایم ایم اے اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ۔عوام 25 جولائی کو کتاب پر مہر لگا کر نظام مصطفی ﷺ کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کریں ۔ماضی کے مقابلے میں ایم ایم اے کو زیادہ پذیرائی ملے گی۔راولپنڈی ہمیشہ سے دینی قوتوں کا شہر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جلسہ عام کی تیاریوں اور انتظامات کے جائزہ کے لیے متحدہ مجلس عمل راولپنڈی کی ضلعی جنرل کونسل اور جلسہ کی انتظامی کمیٹیوں کے ایک مشترکہ اجلاس سے دفتر جماعت اسلامی سید مودودی ؒ بلڈنگ میں خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس اجلاس سے شیخ الحدیث مولانا تاج محمد خان ٗ ایم ایم اے کے ضلعی صدر شمس الرحمن سواتی ٗجنرل سیکرٹری ڈاکٹر حافظ ضیاالرحمن ٗجے یو آئی (ف) کے قاری عبدالرشید ایڈووکیٹ ٗ زبیر عباسی ٗامیدوار حلقہ پی پی 11 مفتی مسرت اقبال ٗ جمعیت علما پاکستان کے ضلعی صدر حافظ محمد حسین ٗ امیدوار حلقہ این اے 62 طارق منیر بٹ ٗاسلامی تحریک کے علامہ نصیر موسوی ٗمرکزی جمعیت اہلحدیث کے سردار محمد بشیر ٗ امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی ٗجماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی ڈپٹی میڈیا کوآرڈینیٹر راشد اولکھ ٗ نائب امیر جماعت اسلامی سید عزیر حامد اور ہارون رشید سمیت ایم ایم اے کی مختلف جماعتوں کے عہدیداران نے اظہار خیا ل کیا۔ اس اجلاس میں 14 جولائی کو لیاقت باغ میں ہونے والے ایم ایم اے کے مرکزی جلسے کی تیاریوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ جلسے کی انتظامی کمیٹیوں کے سربراہوں نے تیاریوں کے سلسلے میں اپنی اپنی رپورٹس پیش کیں۔جمعیت اہلحدیث کے ضلعی امیر سردار محمد بشیر نے کہا کہ میڈیا نے ہمارے مرکزی امیر پروفیسر ساجد میر کی پریس کانفرنس کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا ہے۔ ہم ایم ایم اے کا حصہ ہیں اور ان شاء اللہ آئندہ بھی رہیں گے۔ایم ایم اے کے امیدواروں کے لیے د ن رات کام کریں گے۔ ساجد میر نے کہا تھا کہ جہاں ایم ایم اے کا نمائندہ نہیں ہے وہاں ہمارے لوگ مسلم لیگ ن کی حمایت کریں ۔شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ 14 جولائی کے جلسے میں تمام امیدوار اپنے اپنے حلقوں سے جلوس لے کر آئیں گے۔