آئین کے مطابق بچوں کے حقو ق کاتحفظ حکومت کی ذمے داری ہے

105

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)اسلامی جمعیت طلبہ کے حافظ زبیرعباسی نے کہاہے کہ قوم کے بچوں کے ہاتھوں میں اوزاروں کے بجائے قلم تھمایاجائے۔بچے خراب معاشی حالت کی وجہ سے مزدوری کرنے پر مجبور ہیں ،تعلیم ہرشہری کابنیادی حق ہے ،نوجوان اورووٹ کاحق رکھنے والے طلبہ ایسے باکردار،دیانتداراوراسلامی نظام کے خواہاں امیدوار کو ووٹ دیں جو مزدوری کرنے والے معصوم ہاتھوں کوبھی زیور تعلیم آراستہ کریں اور چائلڈ لبیرختم کرکے بچوں کے خاندانوں کوماہانہ بنیادوں پروظائف دیں۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں ایک کروڑ2لاکھ بچے مزدوری کرنے پرمجبورہیں جن میں60 لاکھ بچوں کی عمریں دس سال سے کم ہیں۔ آئین کے مطابق بچوں کے حقو ق کاتحفظ حکومت کی ذمے داری ہے۔بچوں کی تعلیم ضروری قراردینے کے قانون پرعملدرآمد کروایا جائے کیونکہ آئین پاکستان اورعالمی معاہدوں کے مطابق تعلیم حاصل کرناہربچے کے لیے لازمی قراردیاگیا۔ انہوں نے مزیدکہاکہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ سودمندشہری ثابت ہوں،فنی اورپیشہ ورانہ تعلیمی اداروں کو فروغ دے کرمفیداورہنر مند نوجوان تیارکیے جائیں، نوجوانوں کی سرگرمیوں کو ملک کے مفاداورقوم کی بقا کے لیے استعمال کرناوقت کی اہم ضرورت ہے۔ جدیدعلوم کامطالعہ موجودہ دورمیں ناگزیرہے،ٹیکنالوجی اور سائنس کے میدان میں نوجوانوں کواپنی صلاحیتیں صرف کرکے ملک وقوم کی خدمت کرنی چاہیے۔