ہارون بلور کی شہادت پاکستان کی سیاست کا نقصان ہے، سینیٹر مشتاق خان

98

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی و سینئر نائب صدر ایم ایم اے خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ میں خود کش دھماکے اور ہارون بلور سمیت کئی کارکنان کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے پر رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ یہ بدترین دہشت گردی اور بزدلانہ کارروائی ہے۔ دہشت گردی کی کارروائی کا مقصد الیکشن کے پُر امن انعقاد کی راہ میں روڑے اٹکانا ہے۔ مرکزی اور صوبائی حکومتوں کا کام اطلاع دینا اور الرٹ جاری کرنا نہیں، بلکہ عملاً خطروں کو روکنا اوران کا سدباب کرنا ہوتا ہے۔ حکومت سیکورٹی پلان پر نظر ثانی کرے اور سیکورٹی کے تمام ذمے دار اداروں کو آپس میں مربوط حکمت عملی، موثر رابطوں اور مضبوط ورکنگ کورآڈینیشن ہو۔ کچھ قوتیں انتخابی عمل کو سبوتاژ کرکے پاکستان کو ایک دائمی عدم استحکام میں دھکیلنا چاہتی ہیں۔ ان قوتوں کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ ہارون بلور کی شہادت پاکستان کی پوری سیاست کا نقصان ہے، ان کی شہادت پر پاکستانی سیاست سوگ میں ڈوبی ہوئی ہے۔ سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں کو اس طرح کے ملک دشمن منصوبوں اور سازشوں کو روکنے کے لیے ایک دوسرے کی طرف دست تعاون بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کا پُرامن، صاف و شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد الیکشن کمیشن کی بنیادی ذمے داری ہے۔ اس طرح کے واقعات سے انتخابات کے انعقاد کو غیر یقینی بنانے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے الیکشن کمیشن اور سیکورٹی اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت اور ان کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔