ختم نبوت کا معاملہ ہمارے ایمان کا حصہ، راناطٰہٰ خان

98

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 113کے امیر راناطٰہٰ خاں،جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن،نائب امیر ڈاکٹرمحمدانور،الطاف حسین ، طارق سرور، ڈاکٹر عزیر مدنی اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ختم نبوت کا معاملہ ہمارے ایمان کا حصہ اور دین اسلام کی اساس ہے۔اسلام اورپاکستانی آئین مذہبی آزادیوں ،اقلیتوں کے تمام بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے تاہم ہر شہری پرلازم ہے کہ وہ اپنی شناخت درست اور صحیح کوائف کے ساتھ جمع کروائے ۔ نگراں حکومت اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے راجا ظفر الحق کی رپورٹ کوفوری منظر عام پر لائے تا کہ اصل حقائق سے قوم آگاہ ہوسکے۔یہ بات اب اظہر من الشمس ہے کہ ملک کی تینوں بڑی پارٹیاں ختم نبوتؐ کے قانون میں ترمیم کی سازش میں برابر کی شریک ہیں اور انہوں نے مسلمانوں کے اس خالصتاً مسئلہ پر غیر ملکی دباؤ کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے حساس اور نازک مسئلے پر اسلامیان پاکستان کے تمام تر اعتقادی رشتوں کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے قوم کے جذبات کو مجروح کرنا لمحہ فکر ہے ۔ممتاز قادری کی شہادت سے لیکر ختم نبوت کے قانون میں ترمیم کی سازش تک نواز شریف مکافات عمل کا شکار نظر آتے ہیں جبکہ عمران خان اور آصف علی زرداری کا مستقبل بھی نوشتہ دیوار ہے ۔راناطٰہٰ خان نے کہا کہ میرا ان تینوں لیڈروں کو مخلصانہ مشورہ ہے کہ وہ اللہ اور عوام سے رجوع کریں۔ توبہ کا دروازہ ہر ایک کے لیے کھلا ہے ۔تینوں رہنما اپنی ذاتی پوزیشن بھی واضح کریں ،آئندہ ختم نبوت اور توہین رسالت کے لبادہ میں اسلام کی روشنی میں اپنے عقیدے کا از سر نو اعلان کریں تاکہ لوگوں کے ان کے بارے میں شکوک و شہبات دور ہوں۔انہوں نے کہا کہ ختم نبوتؐ کا معاملہ انتہائی اہم ہے۔نبی مہربان حضرت محمدﷺختم المرسلین ہیں اور ان کے بعد کوئی شخص جو نبوت کا دعویٰ کرے وہ جھوٹا، خائن اور دائرہ اسلام سے خارج ہے۔