امریکی کیمپ میں شامل جماعتوں کے غبارے سے ہوا نکل گئی، سینیٹر مشتاق خان

92

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی و سینئر نائب صدر ایم ایم اے سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ قائد اعظمؒ کے پاکستان میں سرکاری خرچ پر چائے پینے پر پابندی تھی، نئے پاکستان والوں نے سرکاری خرچ پر ہر مہینے بیس لاکھ روپے چائے پر اڑائے، یہ قومی خزانے کے ساتھ سراسر زیادتی ہے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کا سارا کچرا تحریک انصاف میں جمع ہوگیا ہے، جنہوں نے خود قومی دولت لوٹی ہے وہ دوسرے لٹیروں کا کیا احتساب کریں گے۔ جن لوگوں کی وجہ سے پاکستان غربت، افلاس، بے روزگاری، بدامنی سمیت دیگر مسائل سے دوچار ہے، آج وہی سب لوگ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم پر جمع ہیں۔ ان سے خیر کی توقع رکھنا فضول ہے۔ متحدہ مجلس عمل کرپشن کے ان ناسوروں کو ختم کرنے اور ان کا احتساب کرنے کے لیے بنی ہے۔ ایم ایم اے اپنی حکومت میں پاکستان کو اسلامی اور خوشحال پاکستان بنائے گی۔ متحدہ مجلس عمل پاکستان، آئین پاکستان، عقیدہ ختم نبوتﷺ اور ناموس رسالتﷺ کی محافظ ہے۔ ہم پاکستان کو اسلامی، فلاحی اور خوشحال پاکستان بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انبار ضلع مہمند اور بعد ازاں باڑہ ضلع خیبر میں انتخابی مہم کے سلسلے میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجتماعات سے جماعت اسلامی مہمند کے امیر اور امیدوار این اے 42 ملک سعید خان اور جماعت اسلامی خیبر کے امیر و امیدوار این اے 43 شاہ فیصل آفریدی سمیت دیگر ذمے داران نے خطاب کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ قبائلی عوام نے انگریزوں اور ان کے کالے نظام ایف سی آر کو شکست دی، ان انتخابات میں انگریزوں اور ایف سی آر کے بقایا جات کو بھی شکست دیں گے۔ قبائلی عوام محب اسلام اور محب وطن ہیں، وہ لال پیلے جھنڈوں والوں کو نہیں اسلام کے نام لیواؤں کو کامیاب کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل اپنی حکومت میں قبائلی اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھا دے گی، یہاں سڑکوں، تعلیمی اداروں، کھیل کے میدانوں، پینے کے صاف پانی کے منصوبوں اور انفرا اسٹرکچر کی بحالی سمیت بے روزگاری کے خاتمے کے کئی منصوبے شروع کریں گے۔ جماعت اسلامی نے ایف سی آر کے خاتمے کی جدوجہد سمیت دیگر مواقع پر قبائلی عوام کو تنہا نہیں چھوڑا۔ قبائلی عوام بھی انتخابات میں جماعت اسلامی کو مایوس نہیں کریں گے۔ امریکی کیمپ میں شامل جماعتوں کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔ انہیں اپنی شکست صاف نظر آرہی ہے۔ 25 جولائی کو مغربی تہذیب کے علمبرداروں کو عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے۔ مستقبل متحدہ مجلس عمل اور دینی جماعتوں کا ہے، پاکستان میں بالعموم اور خیبر پختونخوا میں بالخصوص حکومت بنا کر عوام کی محرومیوں کا خاتمہ کریں گے اور پاکستان کو امریکی غلامی سے نجات دلائیں گے۔