متحدہ مجلس عمل اقتدار میں آکر عوام کے مسائل حل کرے گی، میاں مقصود

86

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی جانب سے لوٹے گئے اربوں روپے سوئٹزرلینڈ،دبئی سے واپس لانے کے ریمارکس حوصلہ افزا ہیں۔متحدہ عرب امارات میں 4221 لوگوں کے اثاثے اور اکاؤنٹس بے نقاب ہوچکے ہیں۔ ملک سے پیسہ لوٹ کر یورپ، امریکا، کینیڈا بھی منتقل کیا گیا۔ سوئٹزر لینڈ کے بینکوں میں پاکستانیوں کے 200 ارب ڈالر سے زائد پڑے ہیں۔ پوری دنیا سے بے نامی رقوم کوواپس لانا ہوگا۔ مسلم لیگ(ن)اور پیپلزپارٹی کی معاشی پالیسیوں نے عوام کو شدیدمایوس کیا ہے۔ماضی کے حکمرانوں کی لوٹ مارنے ملکی معیشت کا بیڑا غرق کرکے رکھ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ جب تک ملک سے کرپشن کا مکمل قلع قمع اور کرپٹ افراد کا خاتمہ نہیں ہوجاتا ملک وقوم ترقی کے راستے پر گامزن نہیں ہوسکتے۔ پاکستان خداتعالیٰ کے فضل وکرم سے وسائل کی دولت سے مالامال ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان سے بھرپور اندازمیں فائدہ اٹھایاجائے۔عاقبت نااندیش پالیسیوں کی بدولت قوم پر قرضوں کے پہاڑ کھڑے ہیں۔ اس وقت ہر پاکستانی ایک لاکھ چوبیس ہزار روپے کا مقروض ہے۔ عوام کو دو وقت کی باعزت روٹی کمانابھی دشوار ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روپے کی بے قدری اور ڈالر کی قیمت میں اضافے نے پاکستانی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ صنعتیں تباہ وبرباد اور مزدور بے روزگار ہورہے ہیں۔ رہی سہی کسر نگران حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے نے پوری کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مسائل کے حل کے لیے دیانتدار قیادت کی اشد ضرورت ہے۔ المیہ یہ ہے کہ ہمیں 70 برسوں سے محب وطن قیادت کے فقدان کا سامنا ہے۔ 2018ء کے انتخابات میں دینی جماعتوں کا اتحاد ایم ایم اے کامیاب ہوکر عوام کا معیار زندگی بلند کرے گا۔ ہم لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں گے۔ کرپشن کا خاتمہ اور بیرون ملک منتقل کی گئی تمام غیر قانونی دولت کو واپس لائیں گے۔ ہمارے پاس ملک کے عوام کی خدمت کا منشور ہے۔ سودی نظام کا خاتمہ کرکے ملکی معیشت کو اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق استوار کیا جانا چاہیے۔