ایم ایم اے جلسہ کی تیاریاں مکمل،آج شام 6بجے لیاقت باغ میں میدان سجے گا

256

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)متحدہ مجلس عمل کے زیراہتمام جلسہ عام کی تیاریوں کوحتمی شکل دے دی گئی آج لیاقت باغ میں میدان سجے گا جس میں کارکنان سمیت اہلیان ضلع راولپنڈی کی بڑی تعدادشریک ہوگی ۔ ترجمان کے مطابق لیاقت باغ میں جلسہ کے مقام پرانتظامی کمیٹیوں کے اہم اجلاس کی صدارت ایم ایم اے کے ضلعی صدرشمس الرحمن سواتی نے کی ،اس موقع پرضلعی جنرل سیکرٹری ڈاکٹرضیا الرحمن ،کوآرڈینیٹرجلسہ عام سیدعارف شیرازی سمیت کمیٹیوں کے سربراہان نے شرکت کی ۔لیاقت باغ کے وسیع وعریض تاریخی گراؤنڈمیں قائم پنڈال کوخوبصورت بینروں اور جھنڈوں سے سجایا گیا ہے،متحدہ مجلس عمل کے مرکزی قائدین مولانا فضل الرحمن ،سینیٹرسراج الحق ،علامہ ساجد نقوی، پیراعجاز نقشبندی،مولاناساجدمیر،لیاقت بلوچ سمیت صوبائی وضلعی قائدین اورامیدواران خطاب کریں گے۔جلسہ عام کا آغازشام 6بجے ہوگا۔ ایم ایم اے کے کارکنان میں جلسہ عام کے حوالے سے زبردست جوش وخروش پایا جاتاہے جبکہ ضلع بھرسے قافلے وجلوس ضلعی قائدین اور نامزدامیدواران کی قیادت میں جلسہ گاہ پہنچیں گے۔ترجمان کے مطابق پنڈال میں میڈیا اورسوشل میڈیا کیلیے الگ الگ گیلریاں قائم کی گئی ہیں جبکہ ایم ایم اے سوشل میڈیا ٹیم جلسہ عام کوسوشل میڈیا کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ اپ ڈیٹ کرنے کے علاوہ پوری دنیامیں براہ راست نشرکرے گی ۔