قوم کو سبز باغ دکھا کرلوٹنے والوں کا محاسبہ کریں گے، سینیٹر مشتاق خان

86

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی وسینئر نائب صدر متحدہ مجلس عمل خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی نگراں حکومتیں امن و امان کی فضا قائم رکھنے میں ناکام ہوگئی ہیں۔ دہشت گرد حملے جمہوریت پر حملے ہیں، وفاقی اور صوبائی نگراں حکومتیں بے صلاحیت بوڑھوں کی انجمنیں ہیں۔ عوام کی گردنوں پر سوار لینڈ ،ڈرگ اور شوگر مافیا نے ملک میں لوٹ مار کابازار گرم کر رکھاہے ۔ عوام زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں جبکہ حکمرانوں نے اندرون اور بیرون ملک دولت کے انبار لگارکھے ہیں ۔ آج اگر ملک میں تعلیم ، علاج اور روزگار کی سہولتیں اور پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے تو اس کے مجرم وہ لوگ ہیں جو پارٹیاں اور چہرے بدل بدل کر اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہوتے رہے ۔ آج ایک بار پھر وہی لوگ نئے دعوؤں اور وعدوں کے ساتھ قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہے ہیں ، مگر عوام اب باشعور ہو گئے ہیں، اب ان کی دال نہیں گلے گی۔متحدہ مجلس عمل نے تعلیم، صحت اور ترقی کا منشور دیا ہے۔ خواتین اور نوجوان مجلس عمل کی کامیابی میں بھرپور کردار ادا کریں۔25جولائی کو مجلس عمل خیبر پختونخوا میں کلین سویپ کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دیر بالا کی تحصیل براول میں متحدہ مجلس عمل کے انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام سے جماعت اسلامی دیر بالا کے امیر حنیف اللہ ایڈووکیٹ، متحدہ مجلس عمل دیر بالا کے صدر مولانا فضل عظیم ، نامزد امیدوار این اے 5دیر بالا صاحبزادہ طارق اللہ، امیدوار پی کے 13سابق صوبائی وزیر عنایت اللہ خان اور دیگر ذمے داران نے خطاب کیا۔ اس موقع پر تحصیل کونسلر احسان عالم، اقبال عالم، سردار عالم، جان عالم، نور نواز خان، کسان کونسلر عبادت خان، جنرل کونسلرز بخت بادشاہ، فضل مالک، جان بہادر خان، عمر زرین گوجر ، قاری عبدالرحمن ، عبید شہزاد اور دیگر نے خاندان اور سیکڑوں ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ جماعت اسلامی ختم نبوت کی محافظ اور پاسبان ہے، جماعت اسلامی کے سابق پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ نے قومی اسمبلی میں ختم نبوت کی شق میں ہونے والی تبدیلی کیخلاف آواز اٹھائی، حکومت نے جماعت اسلامی کے احتجاج پر شق میں تبدیلی واپس لی اور اسلام آباد ہائی کورٹ نے ختم نبوت کی شق میں تبدیلی کرنے والوں کو بے نقاب کیا ۔ ختم نبوت کی شق میں ترمیم کرنے میں مسلم لیگ اور پی ٹی آئی برابر کی شریک ہے۔ قوم ناموس رسالت پر حملہ کرنے والوں کو مسترد کردے۔ ملک و قوم کے مسائل کا واحد حل نظام مصطفیؐ کا نفاذ ہے ۔ جب تک ملک کو اس کے بنیادی مقصد سے دور رکھا جائے گا ، خرابیاں بڑھتی رہیں گی ۔ متحدہ مجلس عمل کے منشور کا پہلا نقطہ ہی ملک میں شریعت کے نظام کا نفاذ ہے۔ لوٹی گئی دولت واپس لائیں گے اور ملک کو قرضوں اور سود کی معیشت سے نجات دلائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ مستقبل اسلامی نظام اور متحدہ مجلس عمل کا ہے۔خیبر پختونخواہ میں آنے والی حکومت متحدہ مجلس عمل کی ہوگی۔ قوم کو ہمیشہ سبز باغ دکھا کرلوٹنے والوں کا ہم محاسبہ کریں گے۔سودی نظام معیشت کا خاتمہ کرکے ملک میں زکوۃ و عشر کا پاکیزہ معاشی نظام رائج کریں گے۔