بم دھماکوں کا مقصد انتخابات کے عمل کو سبوتاژ کرنا ہے، میاں مقصود

126

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ پشاور ،مستونگ اور بنوں میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات انتہائی افسوس ناک ہیں۔ان دھماکوں کا مقصد ملک میں انتخابات کے عمل کو سبوتاژ کرنا ہے۔ نگراں حکومت دہشت گردی کی روک تھام کے لیے سنجیدہ عملی اقدامات کرے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کومزید متحرک اور فعال کیا جائے۔ ملک دشمن بیرونی عناصر کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے سخت فیصلے کرنا وقت کا ناگزیر تقاضا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ نائن الیون کے بعد پاکستان میں بم دھماکوں اور قتل وغارت کا شروع ہونے والا سلسلہ ابھی تک تھمنے کانام نہیں لے رہا۔ نام نہاد امریکی دہشت گردی کی جنگ میں اب تک 70ہزار سے زائد بے گناہ افراد بھینٹ چڑھ چکے ہیں اور سوا سو ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے، جس کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی بزدلی کی وجہ سے آج پاکستان خون میں لت پت ہے۔ ملک میں مکمل امن کے قیام کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان نام نہاد امریکی جنگ سے چھٹکارا حاصل کرے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی وارداتوں میں بیرونی ہاتھ کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ہندوستان، اسرائیل اور امریکا پاکستان کی سلامتی کیخلاف کھل کر سامنے آچکے ہیں اور ملک کے اندر مسلسل حالات کو خراب کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا افغانستان سے عملاً رخصت ہوچکا ہے۔ اب اس کی بچی کچھی صرف 10 ہزار فوج وہاں موجود ہے مگر اس نے ہمیں اس نہ ختم ہونے والی جنگ میں بری طرح الجھا دیا ہے۔ میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہماری سول اور عسکری قیادت قومی مفاد کوپیش نظر رکھ کر امریکی پالیسیوں سے جان چھڑائے اور خطے میں ہونے والی تبدیلیوں اور بالخصوص پاکستان کے امن کے لیے بہتر حکمت عملی اختیار کی جائے۔