کراچی ( اسٹا ف رپورٹر)کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ صحافی سو سائٹی کیلئے پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کراچی پریس کلب سے ہر ممکن تعاون کرے گا ،سوسائٹی میں جاری ترقیاتی کاموں کیلئے ٹینکروں کے ذریعے پانی کی فراہمی فوری طور پر یقینی بنائی جائے گی جبکہ آبادی ہونے پر لائنوں کے ذریعے پانی کی باقاعدہ فراہمی شروع کردی جائے گی ،
صحافیوں کو درپیش فراہمی و نکاسی آب کی شکایات ترجیحی بنیادوں پر دورکرتے ہیں اورآئندہ بھی کرتے رہتے ہیں ، ان خیالات کا اظہار ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے کراچی پریس کلب کے عہدیداران کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے کے موقع پر سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،
اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر احمدخان ملک ، جزل سیکریٹری،مقصود یوسفی ،جوائنٹ سیکریٹری نعمت اللہ خان ،گورننگ باڈی کے اراکین ، سعید سربازی ،کفیل الدین فیضان،نعیم سہو ترا، سینئر صحافی طاہر عزیز ،شاہد مصطفیٰ کراچی واٹر اینڈ سیو ریج بورڈ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز اسد اللہ خان ،سپرنٹنڈنگ انجینئر غربی جی ایم حب ، اسٹاف آفیسر موہن لعل اور دیگر افسران بھی موجود تھے،
کراچی پریس کلب کے صدر اور جزل سیکریٹری نے ایم ڈی واٹربورڈ کی توجہ ہاکس بے اسکیم 42میں واقع صحافی سوسائٹی میں پانی کی عدم فراہمی کی جانب مبذول کرائی اور انہیں نقشہ کی مدد سے سوسائٹی کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا ،انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی کے باعث صحافی سوسائٹی میں تعمیراتی کام متاثر ہورہا ہے اور اسکی وجہ سے آبادکاری ممکن نہیں ہے ،
ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ واٹربورڈ نے ہمیشہ صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ صحافی سوسائٹی میں فراہمی آب یقینی بنائی جائے گی اور اس سلسلے میں برق رفتاری سے کام کیا جائے گا ، مکانات کی تعمیر کیلئے ٹینکروں کے ذریعے پانی کی فراہمی فی الفور شروع کردی جائے گی ،جبکہ آبادکاری شروع ہوتے ہی لائنوں کے ذریعے پانی کی فراہمی بھی یقینی بنادی جائے گی ،
اس سلسلے میں واٹربورڈ کے متعلقہ افسران اور انجینئرز جلد علاقہ کا دورہ کریں گے اور پانی کی جلد از جلد فراہمی کیلئے فوری اقدامات کیئے جائیں گے ،انہوں نے واٹربورڈ ضلع غربی کے سپرنٹنڈنگ انجینئر جی ایم حب کو ہدایت کی کہ وہ کراچی پریس کلب کے جزل سیکریٹری اور صدر سے رابطے میں رہیں ،صحافی سوسائٹی میں جلد از جلد پانی کی فراہمی کیلئے جلد ازجلد تفصیلی رپورٹ تیار کرکے اس کی منظوری لیں،
قبل ازیں ایم ڈی واٹربورڈ کی کراچی پریس کلب آمد پر پریس کلب کے عہدیداروں اور اراکین نے ان کا استقبال کیا اور ان کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔