بد عنوان افراد کی جگہ اسمبلی میں نہیں جیل ہے، میاں مقصود

104

لاہور (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ خیبر پختونخوا، ملتان، راولپنڈی، کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں متحدہ مجلس شاندار جلسے کرچکی ہے اور اپنے پیغام کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کررہی ہے۔ 25 جولائی کو ایم ایم اے پنجاب، خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں نمایاں کامیابی حاصل کرے گی۔ ایم ایم اے میں شامل دینی جماعتیں باصلاحیت اور باکردار افراد کی حامل ہیں جن کے دامن ہر طرح کی کرپشن سے پاک صاف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پشاور، مستونگ اور بنوں میں دہشت گردی کے واقعات انتخابی ماحول خراب کرنے کی گہری سازش ہے جس کے پیچھے ایسی قوتیں کار فرما ہیں جو ملک میں الیکشن کا انعقاد نہیں چاہتیں۔ متحدہ مجلس عمل ان سازشوں کے برعکس مکمل طور پر انتخابی مہم چلا رہی ہے اور عوام میں موجود ہے۔ خوف خدا رکھنے والے طاغوتی قوتوں سے مغلوب نہیں ہوتے۔ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کے حوالے سے اپنی آئینی و قانونی ذمے داری ادا کرے۔ سیاسی جماعتوں اور ان کے امیدواروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کے انتخابات سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے۔ عوام میں سیاسی شعور بیدار ہوگیا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ دو پارٹی سسٹم سے نجات حاصل کی جائے۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی دونوں جماعتوں نے قوم کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ متحدہ مجلس عمل کامیاب ہوکر لوگوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائے گی۔ میاں مقصود احمد نے مزید کہا کہ پاکستان مسائل کے گرداب میں دھنستا ہی چلا جارہا ہے۔ ملک سے غربت، مہنگائی، کرپشن، دہشت گری اور دیگر مسائل سے نجات کے لیے ملک وقوم کو پڑھی لکھی، محب وطن اور جرأتمند قیادت کی ضرورت ہے۔ ایم ایم اے ملک وقوم کو بحرانوں سے نجات دلا سکتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان کی باگ ڈور اسلام پسندوں کے سپرد کی جائے۔ سیکولر اور لبرلز نے ملک وقوم کو بس لوٹا ہے۔ ان کرپٹ افراد کی جگہ اقتدار اور اسمبلیوں میں نہیں بلکہ اڈیالہ جیل میں ہے۔