نواز شریف پر کرپشن کا ایک روپیہ بھی ثابت نہ ہو سکا، مریم اورنگزیب

156
روالپنڈی :مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگ زیب میڈیا سے گفتگو کر رہی ہیں 
روالپنڈی :مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگ زیب میڈیا سے گفتگو کر رہی ہیں 

راولپنڈی (صباح نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نواز شریف کے خلاف ایک روپے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی، جلسے کی خالی کرسیوں کی طرح بلے کے نصیب میں خالی پرچیاں ہوں گی۔ میاں نواز شریف اور مریم نواز سے اظہار یکجہتی کے لیے مسلم لیگ ن کی خواتین ونگ کے قافلے کے اڈیالہ جیل پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس نے ملک میں موٹروے کا جال بچھایا، سی پیک کا تحفہ دیا، ملک سے اندھیرے مٹائے آج وہ بیٹی سمیت کرپشن کے
الزام میں پابند سلاسل ہے۔ کرپشن کے الزام کو نیب کا فیصلہ خود مسترد کرتا ہے کہ کرپشن کا ایک روپیہ بھی ثابت نہیں ہو سکا ۔ یہ نا انصافی اور ظلم و زیادتی۔ ہم نہیں مانتے ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ملک دشمن سیاسی بہروپیے کو سرگودھا، جھنگ اور سیالکوٹ میں لوگوں نے مسترد کیا جس طرح خالی کرسیاں تھیں اسی طرح 25تاریخ کو خالی پرچیاں بلے کے نصیب میں ہوں گی۔عمران خان آپ کی رہی سہی اور انتشار کی سیاست کو عوام مسترد کرے گی اور آپ کی گالی کی سیاست ہمیشہ کے لیے دفن ہو جائیگی ۔انہوں نے کہا کہ 25جولائی کو پاکستان میں طاقتور جمہوریت کا سورج طلوع ہو گا اور ن لیگ سرخرو ہو گی۔دریں اثناء مریم اورنگزیب نے عمران خان کو سیالکوٹ، جھنگ اور فیصل آباد میں ناکام جلسوں کی ہیٹرک پر مبادکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان خالی کرسیوں کی طرح آپ کی گالی کی سیاست کو بھی عوام نے مسترد کر دیاہے۔