سیاسی کچرا اکھٹا کرنے سے قائد کا پاکستان نہیں بنے گا،سینیٹر مشتاق خان

110

پشاور(وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ سیاسی کچرا اکٹھا کرنے سے قائدؒ کا پاکستان نہیں بنے گا۔ قائدؒ اور اقبالؒ کا پاکستان بنانے کے لیے نیک، دیانتدار اور مخلص قیادت کی ضرورت ہے۔ ایک سیاسی جماعت کی ڈرائی کلین مشین میں دھل کر سارے کرپٹ پاک صاف ہوجاتے ہیں، ان کرپٹوں نے صرف پارٹی بدلی ہے، کرپشن کی عادت نہیں بدلی۔ کرپشن ان سیاستدانوں کے خون میں شامل ہوچکی ہے۔ 25جولائی کو عوام ان عناصر کو شکست دیں جنہوں نے ملکی خزانہ لوٹ کر باہر منتقل کردیا۔ کشکول توڑنے کے دعوے کرنے والوں نے قرضوں کے انبار لگادیے۔ پاکستان کے تمام مسائل کا حل متحدہ مجلس عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی کے 66سفید سنگ پشاور میں انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے سے قائم مقام امیر ضلع ہدایت اللہ، پی کے 6 6کے امیدوار حافظ حشمت خان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ پی پی ،پی ٹی آئی اور ن لیگ کے پاس کوئی سیاسی پروگرام نہیں ایک ہی طبقہ ملک پر عرصہ درازسے قابض ہے، جو صرف پارٹیاں بدلتا رہتاہے ۔ ہم آپ کو انقلاب کی طرف بلاتے ہیں ،ہمیں موقع دیں ان شاء اللہ اقتدارمیں آکر وسائل کی منصفانہ تقسیم، تعلیم ،صحت اور چھت مفت فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کی حقیقی متبادل ایم ایم اے ہے۔ 25 جولائی کا الیکشن نظریے اور تہذیبوں کے درمیان ہوگا ۔ ایک طرف اللہ والے اور دوسری طرف امریکا والے ہیں ۔ یہ غلامان ٹرمپ اور غلامان مصطفیؐ کے درمیان معرکہ ہے ۔ اگر سیکولر اور لبرل قوتوں کے ساتھ امریکا ہے تو منبر و محراب اور خانقاہوں کی سرپرستی ایم ایم اے کو حاصل ہے۔ نظریہ پاکستان کی حفاظت کے لیے قوم کو پاکستان کا مطلب کیا لا الہ الا اللہ کے نعرے پر متحد ہونا پڑے گا ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو مسلح دہشت گردی کے ساتھ ساتھ معاشی اور سیاسی دہشت گردوں سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ قوم متحد ہو کر متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دے اور منبر و محراب اور خانقاہی نظام قوم کی قیادت کرے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر جب بھی کوئی مشکل وقت پڑا ، علما و مشائخ نے متحد ہو کر قوم کو اس مصیبت سے نجات دلائی ۔آنے والا الیکشن پاکستان کی بقا اور سالمیت کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے ۔ 25جولائی تک منبر و محراب اور درگاہوں اور خانقاہوں سے یہودوہنود کے ایجنڈے کے خلاف زور دار آواز اٹھنی چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ختم نبوت میں نقب لگانے والے نہ صرف ملک و قوم کے وفادار نہیں بلکہ خاتم النبیین حضرت محمدﷺ کے بھی مجرم ہیں اور اللہ انہیں ذلیل و خوار کرے گا اور وہ نشان عبرت بنیں گے۔