ایم ایم اے اقتدار میں آکر انصاف کا نظام رائج کرے گی

100

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)متحدہ مجلس عمل کے امیدواراین اے 109سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے منصور آباد میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم ایم اے اقتدار میں آکر انصاف کا نظام رائج کرے گی ۔ چوروں ،لٹیروں اور ملکی دولت کو شیر مادر سمجھ کر ہڑپ کرنے والے حکمرانوں کاسر عام احتساب ہوگا ۔عوام کو روزگار ،انصاف ‘ تعلیم اور امن فراہم کرے گی ،پا نچ سالوں تک برسراقتدار رہنے والوں نے عوام کے لیے تو کچھ نہیں کیا ۔ قوم کو اس وقت ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو عوام کے دکھوں کا مداوا کر سکے ۔ صالح اور دیانت دار قیادت ہی عوام کو مہنگائی،بے روزگاری، کرپشن اور لوڈ شیڈنگ سے نجات دلا سکتی ہے۔اس موقع پر امیدوار پی پی115رائے اکرم کھرل ،تاجر رہنما ڈاکٹر شبیر احمد ، چودھری محمد سلیم اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔سردار ظفر نے کہاکہ پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کے مطابق عالم اسلام کا ایک مضبوط قلعہ بنانے کیلیے ایک باکردار اور کرپشن سے پاک خوف خدا رکھنے والی قیادت کی ضرورت ہے جو صرف ایم ایم اے دے سکتی ہے۔قوم دیانتدار اور باکردار لوگوں کو ووٹ دے گی تو پاکستان کرپشن فری بنے گا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں براہ راست آمریت کو بھی آزمایا گیا اور جمہوریت کے لبادے میں شخصی آمریتیں بھی قائم رہیں لیکن ملک کے مسائل میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا اور آج صورتحال اس قدر دگر گوں ہو چکی ہے کہ اقتدار میں رہنے والی پارٹیاں عوام کے سامنے مجرموں کے کٹہرے میں کھڑی ہیں اور قومی دولت لوٹ کر بیرونی بینکوں میں جمع کرنے والی نام نہاد قومی قیادت بے نقاب ہوچکی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کار حکمرانوں نے قوم کا مستقبل داؤ پر لگادیا ہے ۔ ملک کے نظریے سے بے وفائی کرنے والوں نے آدھا ملک گنوادیا مگر ایک دن کے لیے آئین پاکستان کے تقاضوں کے مطابق ملک میں اسلام کو حکمرانی کا موقع نہیں دیا ۔ عام انتخابات میں پاکستانی عوام متحدہ مجلس عمل کو ووٹ دے کر یہ ثابت کردیں گے کہ پاکستان کو سیکولراسٹیٹ نہیں بننے دیاجائے گا۔ اگربیس کروڑ عوام نے تمام تروابستگیوں سے بالاتر ہوکر اپنے نمائندے منتخب نہ کیے تو یہی کرپٹ اور امریکی غلام ٹولہ پھر اقتدار پر قابض ہوجائے گا، عوام ان چہروں کو پہچانیں اور اپنے ووٹ سے باصلاحیت ،باکردار اور صالح افراد کو منتخب کریں۔