سانحہ مستونگ اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلیے انڈیا مردہ آباد ریلی نکالی گئی

111

نوشکی(آئی این پی)قبائلی رہنما چیف آف رخشان سردار عبدالقادر بلوچ کی قیادت میں سانحہ مستونگ اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور انڈیا مردآباد ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئی پریس کلب کے سامنے مظاہرے کی شکل اختیار کر گئی ،مظاہرین سے چیف آف رخشان سردار عبدالقادر رخشانی بلوچ،حاجی جہانزیب جمالدینی ،ڈاکٹر غریق احمد ،میر شعیب جان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ مستونگ میں 200 سے زائد بے گناہ بلوچوں کی شہادت قابل مذمت ہے ،انڈیا اور افغانستان دہشتگردی کرکے معصوم شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے ،بلوچ قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ ملک کے دفاع کیلیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے ۔ ملک پاکستان کی طرف میلی آنکھوں سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دیں گے، پاک فوج کی قربانیوں کوسلام پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچ قوم نے گزشتہ کئی سالوں سے افغان مہاجرین کو مہمان کے طور پر پناہ دیکر ان کی مہمان نوازی کی لیکن افغان مہاجرین آستین کے سانپ نکلے،پاکستان کے بجائے ان کی وفاداری افغانستان سے زیادہ ہے ہم ایسے کارندوں کو خبر دار کرتے ہے کہ وہ اپنی حرکتوں سے باز آئیں بصورت دیگر بلوچستان کے عوام پاک فوج کے ساتھ ملکر ان کو عبرتناک سزا دینگے، مظاہرین نے انڈیا اسرائیل اور افغانستان کے خلاف زبردست نعرہ بازی کی۔ ضلعی انتظامیہ اور ایف سی کی جانب سے ریلی کو سخت سیکورٹی فراہم کی گئی،ریلی کے شرکا نے میڈیا کی جانب سے مستونگ سانحہ کو کوریج نہ دینے کی شدید مذمت کی۔