ملک دشمن عناصر انتخابی عمل ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں،وفاقی وزیر قانون

159

راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) نگراں وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سید علی ظفر نے 25 جولائی کو عام انتخابات کرانے کا وعدہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر چاہتے ہیں کہ انتخابی عمل ڈی ریل ہو لیکن وہ اپنے اس مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن (ایل ایچ سی بی اے) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مستونگ، بنوں اور پشاور میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد یہ تاثر دیا جارہا کہ ریاست عوام کے تحفظ میں ناکام ہوگئی لیکن ہم اس نظریے کا بھی مقابلہ کر رہے ہیں۔اس موقع پر نگراں وزیر قانون نے زور دیا کہ وکلاء قوم کو متحد اور پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے آگہی پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔سید علی ظفر نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں، انٹیلی جنس ایجنسیوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کا ایک ہی مقصد ہے کہ پر امن انتخابات کا انعقاد کیا جائے۔انہوں نے اس بات پر دوبارہ زور دیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے۔ان کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت کو روز مرہ کے معاملات چلانے کا اختیار ہے اور میں جس حکومت کی نمائندگی کرتا ہوں وہ طویل مدتی فیصلے نہیں لے سکتی تاہم وہ اگلی منتخب حکومت کے غور کرنے کے لیے پانی کے وسائل اور قانون سمیت مختلف شعبوں میں گائڈ لائنز دے کر جاسکتی ہے۔