۔36 ارب روپے کی کرپشن ،مئیر کراچی کیخلاف نیب نے تحقیقات شروع کردی،وسیم اختر کے امریکا جانے کی اطلاع 

569

کراچی(رپورٹ : محمد انور)میئر کراچی وسیم اختر اور کے ایم سی کے متعلقہ افسران و انجینئرز کے خلاف نیب نے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔دوسری طرف معلوم ہوا ہے کہ وسیم اختر4روز قبل ایمرجنسی بنیاد پر امریکا چلے گئے ہیں۔میئرکے خلاف شروع کی گئی تحقیقات کے حوالے سے نیب اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وسیم اختر اور بلدیہ کے افسران پر الزام ہے کہ انہوں نے گزشتہ3برس( 2015ء تا 2018ء ) کے دوران بلدیہ عظمیٰ کے ترقیاتی بجٹ سے مجموعی طور پر 36 ارب روپے کی کرپشن کی ہے،یہ کرپشن مختلف ترقیاتی اور مینٹننس کے کاموں میں کی گئی،جو کرائے ہی نہیں گئے۔ ان کاموں میں سڑکوں و پلوں کی مرمت و ازسر نو تعمیرات کے علاوہ تزئین و آرائش کے حوالے سے کیے جانے والے کام اور نالوں کی صفائی کے منصوبے بھی شامل ہیں ۔سرکاری ذرائع کے مطابق نیب مختلف اطلاعات پر گزشتہ تقریبا ایک برس سے انکوائری کررہا تھا جو اب مکمل کرکے اسے نیب قوانین کے تحت تحقیقات میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ تحقیقات کے دوران کسی بھی وقت نیب مبینہ طور پر کرپشن میں ملوث وسیم اختر اور دیگر کو طلب کرکے پوچھ گچھ کرسکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کرپشن میں براہ راست محکمہ انجینئرنگ کا ڈائریکٹر اکاؤنٹس مبینہ طورپرملوث ہے،اس ڈائریکٹر کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ کرپشن کا ” نایاب “ہے۔ وسیم اختر اور دیگر کے خلاف نیب کے اعلامیے پر نمائندہ” جسارت” نے جب میئر وسیم اختر سے ان کا موقف معلوم کرنے کے لیے رابطہ کیا تو ان کے نمبر سے ” آؤٹ ایریا ” رنگ آرہی تھی لیکن رنگنگ کے باوجود کال ریسیو نہیں کی گئی تاہم وسیم اختر نے “نمائندے “کو میسج کیا کہ ( Sorry, I can’t talk right now .) (معذرت میں ابھی بات نہیں کرسکتا ) ۔”نمائندے” نے وسیم اختر کو ایس ایم ایس کیا کہ ” ممکن ہو تو کال کرلیں یا میری کال ریسیو کریں ” ۔ اس پیغام کے بعد وسیم اختر سے رابطہ نہیں ہوسکا۔ ان کے قریبی ساتھی نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ وہ4 روز قبل امریکا کے لیے روانہ ہوگئے تھے۔ خیال ہے کہ وسیم اختر کو نیب کی تحقیقات آگے بڑھنے کا علم ہوچکا تھا۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے 12 جولائی کو ملک بھر کے تمام بلدیاتی اداروں کے منتخب سربراہان کو معطل کردیا تھا۔ گمان ہے کہ اپنی معطلی کا فائدہ اٹھاکر وہ ملک سے چلے گئے ہیں۔ میئر کراچی کے کوآرڈنیٹر کے طور پر خدمات انجام دینے والے ریحان خان سے بھی رابطہ کیا گیا لیکن وہ کال ریسیو کرنے کے بجائے منقطع کرتے رہے۔ وسیم اختر کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم اختر جلد واپس آجائیں گے۔ نیب کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس تحقیقات کے لیے جلد ہی نیب اہم دستاویزات اور مختلف افسران کو شامل تفتیش کرنے کے لیے کارروائی کرسکتا ہے۔