عوام آزمائے ہوؤں کے بجائے دینی قیادت کو آزمائیں

83

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے امیدواراین اے 109سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے مدینہ ٹاؤن میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل پاکستان کا مستقبل ہے،عوام آزمائے ہوئے چہروں کو بار بار آزمانے کے بجائے دینی جماعتوں کی باکردار اور دیانت دار قیادت کو ووٹ دیں، چور چور کا احتساب نہیں کرسکتا، دینی جماعتوں کے کسی رہنما کا نام قرضہ خوروں، آف شور کمپنیوں اور بینک ڈیفالٹرز، پاناما لیکس اور قرضے معاف کرانے والوں میں شامل نہیں، صرف دیانتدار قیادت ہی عوام کا لوٹا ہوا سرمایہ واپس لاسکتی ہے۔ ایم ایم اے کو موقع ملا توڈالرکواصل قیمت پر واپس لائیں گے ۔جلسے سے امیدوار پی پی 115 رائے محمد اکرم کھرل،سابق یوسی ناظم میاں اجمل حسین بدر، چودھری محمد سلیم گجر، میاں افتخار علی، اکبر شاہ، بلال انور، حکیم عادل، عثمان مجید، یوسف گل پراچہ، میاں منظور الٰہی، غلام محمد عطا، ڈاکٹر محمد صدیق، آصف عطا، وقاص ڈوگر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایم اے کو موقع ملا تو کوئی غریب تعلیم سے محروم نہیں رہے گا، بجٹ کا پانچ فیصد تعلیم پر خرچ کریں گے اور نوجوانوں کو روزگار ملنے تک بے روزگاری الاؤنس دیں گے۔ ستر سال کی عمر کے بوڑھوں کو بڑھاپا الاؤنس اور غریب کا مفت علاج ہوگا۔ سودی نظام ختم کر کے زکوٰۃ کا نظام قائم کریں گے۔