نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لیے علمامیدان عمل میں نکلیں

81

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل کے امیدوار این اے 109 سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے جامعہ محمدیہ تعلیم القرآن خیابان کالونی میں علمائے کرام اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے لیے علمائے کرام اور دینی مدارس کے طلبہ میدان عمل میں نکلیں، یہ موقع پھر ہاتھ نہیں آئے گا، اپنے ووٹ کی طاقت سے ایسے نمائندوں کا انتخاب کریں جو کرپشن، بدیانتی سے پاک ہوں، لٹیروں کے بجائے متحدہ مجلس عمل کے دیانتدار امیدواروں کو ووٹ دیں اور ملک میں غلبہ اسلام کے لیے قوم متحد ہو کر متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کو کامیاب کروائیں تاکہ قیام پاکستان کے مقاصد کو حاصل کیا جاسکے۔ 25 جولائی کے بعد پاکستان میں غلامان مصطفیؐ کی حکومت ہوگی اور پاکستان کی سرزمین پر کلمے والا جھنڈا لہرائے گا۔ اس موقع پر امیدوار پی پی 115 رائے محمد اکرم کھرل، سابق یوسی ناظم میاں اجمل حسین بدر، چودھری محمد سلیم گجر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سردار ظفر نے کہا کہ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے، اسے مغرب کے غلاموں اور سیکولر ازم کے حواریوں کے سپرد نہیں کیا جاسکتا۔ متحدہ مجلس عمل پاکستان کا مستقبل ہے، دینی جماعتوں کی مخلص اور دیانت دار قیادت ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نکال سکتی ہے۔