امیدواروں کو ڈرانا اور انتخابی مہم سے روکنا قبول نہیں، میاں مقصود

100

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن اسلام آباد میں ایم ایم اے کے امیدوار میاں محمد اسلم کے انتخابی کیمپ پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لے۔ سوچی سمجھی سازش کے تحت انتخابی حالات خراب کیے جارہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ تمام دینی وسیاسی جماعتوں کو یکساں ’’پلے لیول فیلڈ‘‘ ملنی چاہیے۔ خوف و ہراس پیدا کر کے امیدواروں کو ڈرانا دھمکانا اور الیکشن مہم سے روکنا کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں۔ ہمارے ملک کا یہ المیہ رہا ہے کہ آج تک کبھی پاکستان میں صاف شفاف اور غیر جانبدار انتخابات نہیں ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو قوم گھروں سے باہر نکلے اور اپنی ووٹ کی پرچی کاصحیح استعمال کرے۔ دھوکے بازوں کی باتوں میں مت آئیں۔ برسوں سے محض ایک ہی طبقہ مختلف روپ دھار کر ملک وقوم کی تقدیر کا مالک بنا بیٹھا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان کے چنگل سے نجات حاصل کی جائے۔ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتوں میں جاگیر دار، وڈیرے اور سرمایہ دار موجود ہیں، اس لیے وہ اشرافیہ کے مفادات کو تحفظ فراہم کرتی ہیں۔ تینوں جماعتیں دکھاوے کی خاطر عوام کے حقوق کی بات کرتی ہیں مگر درحقیقت عوام اور ان کے مسائل کے حل سے ان لوگوں کو کوئی سرو کار نہیں۔ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا اس لیے ملک میں صرف اور صر ف اسلام کا نظام ہی چل سکتا ہے۔ ہمارے بعد آزاد ہونے والے ممالک ترقی کی منازل طے کررہے ہیں مگر بدقسمتی سے پاکستان ترقی کی بجائے تنزلی کی طرف جارہا ہے۔ اب تک آنے والی حکمران جماعتوں کی نااہلی کی وجہ سے ملک مسائل کی آماجگاہ بن گیا ہے۔ کرپٹ اور لٹیرے سیاست دانوں نے دونوں ہاتھوں سے ملک وقوم کو لوٹ کر بیرون ملک اپنی جائیدادیں بنائی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کو لوٹنے والے تمام کرپٹ عناصر کا محاسبہ کیا جائے اور ان سے ہمیشہ کے لیے نجات حاصل کی جائے۔ 25 جولائی کو عوام دینی جماعتوں کی کرپشن سے پاک دیانتدار اور جرأت مند قیادت پر اعتماد کا اظہار کریں۔ ہم برسر اقتدار آکر مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت، دہشت گردی، لوڈشیڈنگ جیسے سنگین مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور غریب عوام کا معیار زندگی بہتر بنائیں گے۔