ایم ایم اے امیدوار میاں اسلم کے الیکشن آفس پر پولیس کی فائرنگ قابل مذمت ہے

64

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)متحدہ مجلس عمل کے رہنما اور امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے اسلام آباد میں متحدہ مجلس عمل کے امیدوار میاں محمد اسلم کے الیکشن آفس پر پولیس فائرنگ ٗ کیمپ بند کرانے اور بینرز اُتارنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتظامیہ کی بوکھلاہٹ قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی انتظامیہ پی ٹی آئی کی حمایت میں شاہ سے زیادہ شاہ کی وفا دار بننے کی کوشش کر رہی ہے۔ میاں محمد اسلم کی روزبروز بڑھتی ہوئی عوامی مقبولیت سے مخالف امیدوار سخت خوفزدہ ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی انتظامیہ کی طرف سے میاں محمد اسلم کی الیکشن مہم میں رکاوٹیں ڈالنا اس بات کا ثبوت ہے کہ میاں محمد اسلم فیورٹ جا رہے ہیں ۔ ان شاء اللہ ! 25 جولائی کو کتاب کی جیت ہوگی۔لوٹوں کے کباڑخانے سے کوئی تبدیلی نہیں آ سکتی۔پی ٹی آئی تمام پارٹیوں سے کچر ااور گند اکٹھا کرکے کو ئی انقلاب نہیں لا سکتی۔سید عارف شیرازی نے مطالبہ کیا ہے کہ اسلام آبادمیں پولیس فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات کروائی جائے اور پولیس گردی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ نیز میاں محمد اسلم اور دیگر تمام امیدواروں کو انتخابی مہم میں یکساں سہولتیں فراہم کی جائیں۔