میاں اسلم کے کیمپ پر پولیس گردی کی پرزور مذمت کرتے ہیں

74

لودھراں (وقائع نگار خصوصی) میاں اسلم کے کیمپ پر پولیس گردی کی پرزور مذمت کرتے ہیں، شفاف الیکشن سے ہی سسٹم کی بقا ممکن ہے۔ ان خیالات کا اظہار ضلعی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی طارق فاروق نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں دہشت گردی کے واقعات انتہائی قابل تشویش اور الیکشن عمل کو سبوتاژ کرنے کے برابر ہیں۔ ان واقعات کی روک تھام کے لیے بھی حکومت موثر اقدامات کرے، نیز حکومت کو چاہیے کہ وہ کسی ایک پارٹی کی جانبداری کی طرف اشارہ کرنے والے اقدامات کا سدباب کرے۔ تمام پارٹیوں کو یکساں انتخابی ماحول فراہم کیا جائے تاکہ الیکشن پر کسی قسم کے اعتراضات پیدا نہ ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میاں اسلم کے کیمپ پر گزشتہ روز ہونے والی پولیس گردی کی شدید مذمت کرتے ہیں اور فیس ادا کرنے کے باوجود انتظامیہ کی طرف سے ان کے بینرز ہٹائے جانے کے واقعات بھی جانبداری کا اشارہ کرتے ہیں۔ الیکشن کمیشن سیاسی پارٹیوں کے اعتراضات کو دور کرتے ہوئے شفاف الیکشن کا عمل یقینی بنائے۔