امریکی آلہ کاروں کو قوم کی گردنوں پر سوار نہیں ہونے دیں گے، سینیٹر مشتاق خان

118

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہپاکستانی قوم اسلام اور اپنے پاکیزہ تہذیب و تمدن کے لیے اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لیے تیار ہے، مغرب اور امریکا کے آلہ کاروں کو قوم کی گردنوں پر سوار نہیں ہونے دیں گے ۔ 25 جولائی کو قوم صاف و شفاف امیدواروں کو ووٹ دے کر کامیاب کریں ۔ متحدہ مجلس عمل ہی پاکستان کے نظریے اور جغرافیہ کی حقیقی محافظ ہے۔ حکومت ایک پارٹی کی سرپرستی کر رہی ہے جس سے انتخابات کو متنازع بنایا جارہا ہے ۔نگران حکومت اور الیکشن کمیشن انتخابی عمل کو غیر جانبدار اور شفاف بنائے، اگر عوام کا الیکشن پر اعتماد نہ رہا تو ملک میں انتشار اور انارکی کو پھیلنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔ 2018ء کا الیکشن فیصلہ کرے گا کہ پاکستان ایک اسلامی ملک رہے گا یا لبرل اور سیکولر پاکستان بنے گا۔ یہ الیکشن نظریات، تہذیب اور کلچر کا مقابلہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی بونیر کے ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں جماعت اسلامی بونیر کے امیر محمد حنیف، سیکرٹری جنرل محمد حلیم باچا سمیت دیگر ذمے داران شریک تھے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ پاکستان کے عوام اسلام سے محبت کرتے ہیں۔ نوے فیصد پاکستانی ملک میں اسلامی نظام چاہتے ہیں ۔ سیکولر اور لبرل لوگ اسلام پسندوں کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ 25 جولائی کو پاکستان کے عوام متحدہ مجلس عمل کوووٹ دے کر پاکستان کو اس کے اسلامی تشخص سے محروم کرنے کی ساری سازشوں کا قلع قمع کردیں گے ۔ متحدہ مجلس عمل ہی پاکستان کو اس کے قیام کے مقاصد سے ہمکنار کرسکتی ہے۔ 25 جولائی کرپٹ مافیا، لینڈ مافیا اور ڈر گ مافیا کے لیے موت کا پیغام ہے ۔ ہماری غیرت مند قوم ان لٹیروں کا بوریا بستر ہمیشہ کے لیے گول کردے گی۔ پہلے پیپلز پارٹی ، ن لیگ ، ق لیگ میں رہنے والے اب تحریک انصاف میں ہیں ۔ یہ احتساب سے بچنے کے لیے پارٹیاں اور جھنڈے بد ل رہے ہیں مگر عوام انہیں اچھی طرح جانتے اور پہنچاتے ہیں ، انہیں بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا ۔ ہم ایک ایک کو پکڑ کر اس سے لوٹی گئی قومی دولت وصول کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم اقتدار میں رہنے والے ظالم جاگیرداروں اور بے رحم سرمایہ داروں سے قوم کی محرومیوں کا حساب لیں گے ۔ یہ سمجھتے ہیں کہ انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں مگر انہیں یا د رہنا چاہیے کہ جب عوامی طوفان اٹھتے ہیں تو پھر کوئی طاقت ان کا راستہ نہیں روک سکتی۔ جب تک ان لوگوں سے لوٹی دولت واپس نہ نکلوا لیں، ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔