ریلوے پولیس نے موٹر سائیکل چوری کا ایک منظم گروہ گرفتار کرلیا

80

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)ریلوے پولیس نے موٹر سائیکل چوری کا ایک منظم گروہ گرفتار کرکے مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں،ملزم علی حسن ایک عادی چور ہے جو قتل اورڈکیتی کے مقدمات میں آٹھ سال قید کاٹ چکا ہے۔ ایس ایس پی ریلوے لاہور ڈویژن ملک محمد عتیق نے اسسٹنٹ آپریٹنگ آفیسر چودھری شبیر احمد اور ایس ایچ اور چودھری عبدالعزیز کے ہمراہ تھانہ ریلوے اسٹیشن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے کہا کہ فیصل آبادکے ریلوے اسٹیشن پر کافی عرصہ سے موٹر سائیکل چوری کی وارداتیں تواتر سے جاری تھیں،ریلوے مسافروں کی جانوں اور ان کی املاک کا تحفظ ریلوے پولیس کی اولین ترجیح ہے جس پر فوری طور پرانویسٹی گیشن ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور جدید انداز سے تفتیش کر کے ملزمان کو ٹریس کیا گیا اوران سے موٹر سائیکلیں برآمد کی گئیں۔جن میں سے ایک موٹر سائیکل کے مالک کو تلاش کر کے آج میڈیا کے سامنے اس کی موٹر سائیکل اس کے حوالے کر دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر ریلوے اسٹیشن کی سیکورٹی کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے،ریلوے اسٹیشن پر نصب خراب اسکینگ مشین کو اگلے چند روز میں قابل استعمال بنا دیا جائے گا۔ریلوے اسٹینڈ اور پلیٹ فارم پر چوری کی وارداتوں کو روکنے کیلیے جدید نظام بھی نصب کیا جارہا ہے۔اس موقع پر ملزم کو بھی میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پریم یونین کے رہنما خالد محمود چودھری نے کہا کہ ریلوے پولیس کا عملہ پوری تندہی سے شہریوں کی خدمت میں مصروف ہے ،امید ہے اس میں مزید بہتری لائی جائے گا۔ریلوے ملازمین اس کے لیے شانہ بشانہ تعاون کرنے کو تیار ہیں ۔