نگراں حکومت امیدواروں کوتحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے،میاں مقصود

195

لاہور(وقائع نگار خصوصی) صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان خود کش حملے میں پی ٹی آئی کے امیدوارصوبائی اسمبلی اکرام اللہ خان گنڈا پورکے جاں بحق ہونے اوربنوں میں ایم ایم اے کے رہنما و امیدوار اکرم خان درانی کے قافلے پر دوربارہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔پندرہ دن میں 200سے زائد افراد دہشتگردی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں مگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔نگراں حکومت امیدواروں کوتحفظ فراہم کرنے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔عام انتخابات سے قبل مسلسل دہشتگردی کے حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ کچھ قوتیں انتخابی ماحول کو خراب کرناچاہتی ہیں،ان کا راستہ روکنا ہوگا۔پاکستان اس وقت نازک دور سے گزر رہاہے۔نگراں حکومت اورالیکشن کمیشن بلاخوف وخطر آزادانہ انتخابات کو یقینی بنائے تاکہ ملک میں اقتدارکی منتقلی کامرحلہ خوش اسلوبی سے سرانجام پاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف انتخابی پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف دہشتگردی کی وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے تو دوسری جانب ملکی معیشت مسلسل تباہی کی جانب رواں دواں ہے۔ ڈالر کی قیمت میں جاری اضافے اور روپے کی تسلسل کے ساتھ بے قدری تشویش ناک امر ہے۔ ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت سے ملک میں مہنگائی کا طوفان سراٹھانے کو ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہر سال دس ارب روپے سے زائد کی منی لانڈرنگ اور چارہزارارب روپے سے زائد کی کرپشن ملک وقوم کی پائیدار ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔جب تک اسمبلیوں کو چوروں،لٹیروں اورمافیا سے پاک نہیں کریں گے تب تک ملک وقوم کے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔محب وطن قیادت کافقدان ہمیں تباہی کے دھانے پر لے آیا ہے۔انہوں نے کہاکہ قوم کے پاس اپنی تقدیر بدلنے کانادرموقع ہے۔عوام اگر واقعی نجات دہندہ چاہتے ہیں تو دینی جماعتوں کے اتحادایم ایم اے کو کامیاب کرائیں۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ ماضی کے حکمرانوں نے اپنی تجوریوں کو بھرنے کے سواکچھ نہیں کیا۔اگر انہوں نے عوام کی فلاح وبہبود کے لیے کام کیاہوتاتو آج ملک وقوم کی تقدیر بدل چکی ہوتی۔