متحدہ مجلس عمل ہی ملکی حالات تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے،سردارظفر حسین

102

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)متحدہ مجلس عمل کے امیدواراین اے 109سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے مدینہ ٹاؤن فلیٹس اور ڈوگر بستی ستیانہ روڈ پر انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام25 جولائی کو اپنے ووٹ کی قوت سے ملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کار استہ ہموار کر یں گے۔ متحدہ مجلس عمل ہی ملکی حالات تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جن لوگوں نے قوم کے ستر سال ضائع کیے ، ان سے کسی تبدیلی کی توقع رکھنا اپنے آپ کو دھوکہ دینے کے مترادف ہے ۔ جو لوگ بیرونی ایجنڈے پر کاربند ہیں ، وہ پاکستان کے عوام کے لیے کچھ نہیں کر سکتے ۔ آج تمام بڑی دینی جماعتیں ایک پیج پر ہیں ۔ عوام ملک میں حقیقی تبدیلی کے لیے متحدہ مجلس عمل کو کامیاب کریں ۔ ووٹ انتہائی اہم فریضہ ہے ووٹ کے وزن کو اسلامی نظام کے نفاذ کے پلڑے میں ڈالا جائے ۔ اب دینی قوتوں کا راستہ روکنے کی کسی میں قوت نہیں ، 25 جولائی ملک میں اسلامی قوتوں کی فتح کا دن ہوگا۔اس موقع پر امیدوار پی پی 115رائے محمد اکرم کھرل، سابق یوسی ناظم میاں اجمل حسین بدر، رانا وسیم ایڈووکیٹ دیگر نے بھی خطاب کیا۔امیدوار پی پی 115رائے محمد اکرم کھرل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ25 جولائی کا الیکشن اسلام اور سیکولر قوتوں کے درمیان جنگ ہے ۔ ہمارا مقابلہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ہے جو ایک بار پھر اپنے آلہ کاروں کو اقتدار کے ایوانوں پر مسلط کرنا چاہتے ہیں مگر پاکستان کے غیرت مند اور اسلام پسند عوام اس بار ان کی سازشوں کو ناکام بنادیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ سابق حکمرانوں نے ملکی جغرافیہ اور قومی اتحاد کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے ۔ ستر سال تک حکمرانی کرنے والے ایک بار پھر چہرے اور پارٹیاں بدل کر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ مجلس عمل پاکستان میں قرآ ن و سنت کی بالادستی چاہتی ہے اور ملک میں مدینہ منورہ جیسا نظام قائم کرنے کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ 25 جولائی احتساب کا اور انقلاب کا دن ہے ۔ عوام اپنے ووٹ کی قوت سے کرپٹ اور بددیانت ٹولے کا احتساب کریں اور متحدہ مجلس عمل کو کامیاب کرائیں تاکہ اقتدار میں آ کر ان لٹیروں سے قومی خزانے سے لوٹی گئی ایک ایک پائی وصول کی جائے ۔ ہم پاکستان کو خوشحال اور ترقی یافتہ اسلامی ریاست بناناچاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل اقتدار میں آکر سودی نظام ختم کردے گی اور اسلامی نظام معیشت رائج کیا جائے گا تاکہ عوام کو سود ،مہنگائی اور ٹیکسوں کے بوجھ سے نجات مل سکے ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کامیاب ہو کر قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی قید سے رہائی دلائے گی ۔