انتخابات کے روز بھی نادرا کے دفاتر کھلے رہیں گے، ڈی جی نادرا سندھ

278

کراچی: ڈی جی نادرا سندھ کرنل میر عالم کا کہناہے کہ عوام کی سہولت اور انتخابات میں حقِ رائے دہی کے استعمال کو آسان بنانے کے لئے نادرا دفاتر الیکشن کے روز بھی دوپہر 2 بجے تک کھلے رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق انتخابات 2018 کا وقت ختم ہونے کو ہے اور سیاسی جماعتوں، امیدواروں سمیت عوام بھی اپنے من پسند نمائندوں کو ووٹ دینے کے لئے تیار ہے، تاہم کراچی سمیت اندرونِ سندھ کے چند اضلاع میں عوام اپنے قومی شناختی کے حصول کے لئے کوشاں ہے تاکہ وہ اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرسکیں، نادرا کے تمام دفاتر میں عوام کا جمِ غفیر موجود ہے۔

عوام کی پریشانی کو مدِنظر رکھتے ہوئے نادرا نے بھی اپنے دفاتر کے اوقاتِ کار کو تبدیل کردیا ہے اور اضافی عملہ بھی تعینات کیا گیا ہے۔

ڈی جی نادرا سندھ کرنل میرعالم خان درانی کا کہنا ہے کہ نادرا نے شہرِ کراچی کے میگا سینٹروں میں اپنا اضافی عملہ تعینات کردیا ہے اور عوام کی سہولت کے لئے آج صبح نو بجے سے کھولے گئے نادرا کے تمام مراکز رات 9 بجے تک کھلے رہیں گے۔

اسی طرح اندرونِ  سندھ اور تھرپارکر میں بھی یہ تمام مراکز انہی اوقات میں کارگر رہیں گے جب کہ 25 جولائی تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ اور انتخابات کے روز بھی دوپہر 2 بجے تک نادرا دفاتر سے شناختی کارڈ حاصل کئے جاسکتے ہیں۔