عوام نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کیلیے 25 جولائی کو کتاب پر مہر لگائیں

143

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی ) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ عوام نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کے لیے 25 جولائی کو کتاب پر مہر لگائیں ۔پاکستان اسلام کے نام پرحاصل کیا گیا تھا۔ان شا اللہ ! وطن عزیز کو اسلامی پاکستان بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی سیکرٹریٹ سید مودودیؒ بلڈنگ میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے ملک کے مختلف حصوں میں دہشت گردی کے واقعات پر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے قیمتی جانوں کی ہلاکت پر دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل نے صاف ستھرے کردار کے حامل افراد کو الیکشن کے لیے پیش کیا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام لوٹوں اور لٹیروں کو مسترد کرکے 25 جولائی کو ایم ایم اے کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں ۔اہل اور دیانتدار نمائندے ہی اسمبلیوں میں عوام کی بہتر سے بہترین نمائندگی کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ الحمد للہ ! متحدہ مجلس عمل میں شامل دینی جماعتوں کے قائدین میں سے کسی کا نام بھی پانامہ لیکس ٗ وکی لیکس یا دوبئی لیکس میں نہیں ہے اورنہ ہی انہوں نے قرضے لے کرمعاف کروائے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت بہت سارے اندرونی اور بیرونی خطرات میں گھرا ہوا ہے۔ ملک کو گھمبیر مسائل سے نکالنے کے لیے اہل اور نڈر قیادت کی ضرورت ہے ۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ ہماری دُعا ہے کہ 25 جولائی کا دن امن اور خیر و عافیت سے گزرے ۔ الیکشن میں اسلام اور نظریہ پاکستان پر پختہ یقین رکھنے والی جماعتوں کو کامیابی ملے۔جس کے نتیجے میں ملک میں ایک مضبوط اور مستحکم حکومت قائم ہو سکے ۔